شیموگہ :۔ آزادی کے امرت مہتسوا کے موقع پر بھارت سرکاری کی جانب سے 13 تا 15 اگست کے درمیان تمام گھروں پر ترنگا پرچم لہرانے کیلئے جو مہم چلائی جارہی ہے اس مہم کے مطابق مسلمان بھی اپنے گھروں پر ترنگا پرچم لہرا کر حب الوطنی کا ثبوت دیں اور آزادی کے امرت مہتسوا کو کامیاب بنائیں ، اس بات کااظہار سابق کائونسلر اور ٹیپو مسجد کے سابق صدر و ضلع کانگریس کے نائب صدر مختار احمد نے کیا ہے ۔ انہوںنے اس سلسلے میں اخباری بیان جاری کیاہے اور کہا ہے کہ ملک کی سالمیت کو مضبوط کرنے کے لئے یہ ایک سنہرا موقع ہے ، اس وجہ سے ہم نے بھی ٹیپو نگر میں ہر گھر ترنگا لہرانے کے لئے پہل کی ہے اور دو ہزار سے زائد ترنگا پرچم خریدے گئے ہیں ۔ اس ملک میں آزادی کے لئے ٹیپو سلطان ، مہاتما گاندھی ، مولانا ابوالکلام آزاد ، جواہر لعل نہر ، سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسے ہزار وں مجاہدین نے قربانیاں دی ہیں ، اسی طرح سے لاکھوں مسلم علماء اور عام شہریوں نے بھی اس ملک کو آزادی دلانے کے لئے اپنے آپ کو پھانسی کے پھندوں پر لٹکایا ہے ۔ ان تمام کی قربانیوں کو اس موقع پر نہ صرف یاد کیاجائے بلکہ ترنگا لہرا کر ہم ان مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت بھی پیش کرسکتے ہیں ۔
