چکمگلور میں رفاہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام و افتتاحی تقریب

اسٹیٹ نیوز
چکمگلورو:۔شہرکےارکیڈ ہوٹل چکمگلور میں رفاہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاقیام عمل میں لایا گیا ۔جس کاافتتاحی پروگرام بزیر صدارت ڈاکٹر محمد صالح مقامی امیر جماعت اسلامی ہند رکھا گیا تھا ۔جس میں بطور مہمان خصوصی سیدممتاز منصوری صدر رفاہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( سی۔ سی ۔آئی۔) کرناٹکا بنگلور اور صلاح الدین نیشنل کو کوآرڈینیٹر و منصور احمد چکمگلور ڈسٹرکٹ صدر رفاہ چیمبر س آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاضر تھے۔ جلسہ کا آغاز مولانا عبداللہ عمری ناظم ضلع چکمگلور کی تلاوت کلامِ الہیٰ اور اسکے ترجمہ سے ہوا۔ صدر جلسہ ڈاکٹر محمد صالح نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔جسکے بعدمہمان خصوصی سید ممتاز منصوری نےبات کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے نبی حضرت محمد ﷺ نے تجارت کے ذریعہ کثرت سے مال کمانے کا حکم دیا ہےاور مال جما نے کیلئے منع کیاہے، بلکہ کمائو اور اللہ کی راہ میں خرچ کرو۔جو بھی مسلمان حلال تجارت کے ذریعے حلال کماتا ہےاللہ اس میں برکت عطا فرماتاہےاور اسکی بہ نسبت اللہ نے سود کو حرام قرار دیا ہے ۔اگر کوئی بھی مسلمان اللہ کےحکم کے خلاف سودی کار و بار کرتا ہے تو اسکی مثال  اللہ سے جنگ کرنے کی ہے۔ایک سچا امانتدار تاجر جنتی ہے،لہٰذا اسی قرآنی آیات اور اللہ کے احکامات کو مدِنظر رکھتے ہوئے رفاہ چیمبرس آف کامرس انڈسٹریز کاقیام عمل لایا گیا ہےتاکہ آج کے جدید انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے دور میں ہم مسلمان حلال تجارت کے ذریعے ترقی کرسکیں۔آج اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں حالات بدل رہے ہیں۔تجارت میں مہارت لازمی ہے۔ ہم مسلمان آج کے اس بدلتے حالات کے تحت جینا نہیں سیکھا جسکی وجہ سے امت مسلمہ میں اداسی چھائی ہوئی ہے۔ہماری معیشت اور پہچان کا دار و مدار یہ مال ہے۔مگر ہم نے اسے محدود کر ڈالاہے۔یہ دنیا تجارت کے مواقع سے بھری پڑی ہے،ہر جگہ تجارت کے مواقع میسر ہیں،لہٰذاہم مسلمانوں کو اپنی اپنی تجارتوں کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہونا ہے اور آج کے حالات کے تحت بدلتے حالات میں ہماری تجارتوں کو بدلنا ہوگا۔اور برادران وطن کے قدم بہ قدم ترقی کرنا ہوگا اورہماری تجارتوں کو ہمارے مد مقابل کو بحیثیت ٹیم کے لیکر چلنا ہو گا ، تبھی جاکر ہم تجارت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔لہٰذاقومی جی ڈی پی اور ملکی اقتصادیات میں اضافہ کے مقصد کو لیکر رفاہ چیمبر س آف کامرس اینڈ انڈسٹری مسلم انڈسٹریلیسٹ کی گائیڈ لینس کا  کام کر رہی ہے ،لہٰذا ہمیں ایک سچے بزنس مین بنکر امانتداری ، صداقت اورفیاضی عہد کے ذریعہ تجارت کرنی ہے،جس کے بعد دوسرےمہمان خصوصی صلاح الدین نیشنل کو کوآرڈینیٹر نے کئی اہم نکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم مسلمانوں کو روایتی طرزِ انداز کو چھوڑ کر وقت کے بدلتے حالات کے تحت تجارت کو فروغ دینا ہے ۔ جسکے بعد سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا ۔ جسمیں مہمان خصوصی نے تسلی بخش جواب دیا اور ررہنمائی کی ۔آخر میں ایک ضلعی کمیٹی تشکیل دی گئی۔جس میں منصوراحمد کو صدر مقرر کیا گیا ۔ جلسے میں کثیر تعداد میں مسلم تاجر اور انڈسٹریلسٹ اور عمائدین شہر موجود تھے ۔ منصور احمد کے اظہارِ تشکرپر جلسے کا اختتام ہوا۔