نتن گڈکری اورشیوراج بی جے پی کے نئے پارلیمانی بورڈ سے باہر;سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپااور بی ایل سنتوش کو ملی بورڈ میں جگہ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی: بی جے پی نے اپنے پارلیمانی بورڈ میں نئے چہرے کو شامل کیا ہے۔ پارٹی صدر جے پی نڈا نے اب اس میں کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا، آسام کے سابق وزیر اعلیٰ سروا نند سونے والااور کے لکشمن کو نئے چہرے کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورپا کو پارلیمان بورڈ میں شامل کرنے پر کرناٹک بی جے پی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور بسواراج بومئی نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ سے اب مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کی چھٹی کردی گئی ہے۔پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پرکاش نڈا نے پارٹی کی مرکزی پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کی ہے۔ ان میں جے پی نڈا صدر ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ، کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا، آسام کے سابق وزیر اعلیٰ سروا نند سونے وال، کے لکشمن، اقبال سنگھ لال پورہ، سدھا یادو، ستیہ نارائن جاٹیا اور بی ایل سنتوش شامل ہیں۔ بی ایل سنتوش مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سکریٹری ہونگے ۔ بی جے پی میں پالیسی سازی کی سب سے اہم اور طاقتور اکائی پارلیمانی بورڈ ہے۔ پارلیمانی بورڈ کے علاوہ بی جے پی نے نئی مرکزی الیکشن کمیٹی کی بھی تشکیل کی ہے۔ اس میں شہنواز حسین کا نام نہیں ہے۔ الیکشن کمیٹی میں کل 15 لوگوں کو جگہ ملی ہے۔ ان میں مودی اور امیت شاہ کے علاوہ دیویندر فڑنویس کو شامل کیا گیا ہے۔