شیموگہ : شہر کے مضافاتی علاقےپرُلے گورنمنٹ اسکول میں حکومت کی طرف سے 15 لاکھ روپے کی خصوصی امداد سے 2 نئے کمرے تیار کیے گئے ہیں اور اس عمارت کا افتتاح شیموگہ حلقہ کے رکن اسمبلی کے بیٹے کے ای کانتیش نے کیا ہے۔ شیموگہ حلقے کے رکن اسمبلی کو خوش کرنے کیلئے اس عمارت کا افتتاح ای کانتیش کے ہاتھوں سے کروایا گیاہے۔یہ الزام ضلعی کانگریس پارٹی اراکین نے لگایا ہے۔ آج اس سلسلے میں کانگریس پارٹی اراکین اوراپوزیشن لیڈر ریکھا رنگناتھ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر دفتر کے بالمقابل احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ اسطرح ایک سرکاری عمارت کا افتتاح کرنے کیلئے ایم ایل اے کے بیٹے کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ اس کے باوجود بھی انہوں نے افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر بی ای او بھی موجود رہتے ہیں۔ اگر یہ افتتاح وارڈ کے کارپوریٹر یا ایس ڈی ایم سی کے صدر کے ذریعہ کیا جاتا تو درست ہوتا، لیکن اسطرح غیر قانونی طور پرافتتاح کرنا اصولوں کی خلاف ورزی ہے ۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر ریکھا رنگناتھ اورکارپوریٹر ایچ سی یوگیش، یمونا رنگے گوڑا، منجولاشیونا، پارٹی لیڈر کے رنگناتھ، رنگے گوڑا شیموگہ نگر یوتھ کانگریس کے صدر بی لوکیش اور دیگر موجود تھے۔
