پی ایف آئی پر پابندی کے بعد شیموگہ اور بھٹکل میں پی ایف آئی لیڈروں کے گھرو پر چھاپہ ماری،دفاتر پر لگائے گئے تالے

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:پی ایف آئی پر لگی پابندی کے بعدشیموگہ ضلع میں محکمہ پولیس اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مشترکہ طورپر پی ایف آئی لیڈروں کے گھروں پرچھاپہ ماری کی گئی،اس کے علاوہ ایس ڈی پی آئی کے دفاترپر بھی تالالگایا گیا ہے ۔ شہرکے گاندھی بازار،ٹیپونگراور بائی پاس روڈ پر واقع پی ایف آئی لیڈروں کے گھروں پر سرچ وارنٹ کااستعمال کرتے ہوئے پولیس نے چھان بین کی،اس کے علاوہ  اہل خانہ سے بیانات بھی درج کروائے۔بتایاگیاہے کہ چھاپہ ماری کے دوران پی ایف آئی سے جڑے ہوئے لیڈران موقع پر موجودنہیں تھے،نہ ہی پولیس کے رابطے میں آئے۔غورطلب بات یہ ہے کہ شیموگہ میں پی ایف آئی کادفتر نہیںتھا،البتہ ایس ڈی پی آئی کے دفترکا تالاتوڑ کر تلاشی مہم کو انجام دیاگیاہے۔اسی طرح کے بھٹکل میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی ) پر پابندی عائد کرنے کے بعد بُدھ کے دن بھٹکل میں پی ایف آئی لیڈران کے گھروں پر تعلقہ انتظامیہ نے چھاپہ مارتے ہوئے کاغذات کی جانچ کی اور ضروری معلومات حاصل کیں۔بھٹکل کے موسیٰ نگر میں واقع پی  ایف آئی ضلعی صدر عبدالکریم کے کرائے کے مکان پر سرچ وارنٹ کے ساتھ پہنچی پولس نے گھر کے اندر پائے گئے کاغذات اور دیگر دستاویزات کی جانچ کی۔ اس موقع پر عبدالکریم گھر پر موجود نہیں تھے۔ اسی طرح حنیف آباد میں سلمان نامی پی ایف آئی لیڈر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا اور کاغذات، دستاویزات اور گھر کے اندر پائے گئے کتابوں کی جانچ کی گئی لیکن سلمان بھی اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی، تحصیلدار ڈاکٹر سومنت، ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا، ٹاون سرکل پولس انسپکٹر دیواکر، مضافاتی سرکل پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک ، پی ایس آئی بھرت سمیت دیگر پولس اہلکار موجود تھے۔ دو ٹیموں پر مشتمل ٹیموں نے بدھ کی شام قریب ساڑھے چھ بجے بیک وقت دونوں کے گھروں پر پہنچ کر چھاپہ مارتے ہوئے چھان بین کی۔ پتہ چلا ہے کہ اُترکنڑا ایس پی  ڈاکٹر سُمن پنیکر کی ہدایت پریہ کارروائی کی گئی۔ پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ضلع اُترکنڑا کے سرسی میں بھی پی ایف آئی لیڈر عبدالغفار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے اور ضروری معلومات حاصل کی گئی ہے اور گھر پر پائے گئے کاغذات اور دستاویزات کی جانچ کی گئی ہے۔