منشیات کے خلاف عالمی آپریشن: 127 کیس درج، 175 ملزم گرفتار

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی: سی بی آئی نے انٹرپول کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے اور سی بی آئی نے آپریشن گروڈا شروع کیا ہے۔ جس کے تحت 127مقدمات درج کر کے 175ملزمان کو گرفتار کر کے مختلف اقسام کی منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی گئی ہے۔یہ آپریشن عالمی سطح پر کیا گیا، جس میں انٹرپول کے تعاون سے این سی بی اور ریاستی پولیس کی مدد بھی لی گئی۔ یہ عالمی آپریشن انٹرنیشنل ڈرگ نیٹ ورک سنڈیکیٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے کیا گیا۔اس آپریشن میں سی بی آئی، این سی بی کے علاوہ پنجاب، ہماچل پردیش، گجرات، مہاراشٹر، تمل ناڈو، دہلی، منی پور سمیت 8 ریاستوں کی پولیس نے بھی تعاون کیا۔ آپریشن کے تحت 6600 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، 175 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا جبکہ 127 نئے مقدمات درج کر لیے گئے۔فی الحال سی بی آئی بین الاقوامی روابط کی جانچ کر رہی ہے اور گرفتار ملزمین سے مسلسل پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔اب تک جو منشیات قبضے میں لی گئی ہیں ان کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں۔ 5.125 کلوگرام ہیروئن، 3.29 کلو گرام گانجہ، 1365 گرام چرس، 33.80 گرام میفیڈرون، تقریباً 87 گولیاں، 122 انجیکشن، بیوپرینورفائن کی 87 سرنجیں، الپازولم کی 946 گولیاں، 105.90 گرام تیل 30 کلو پوست کی بھوسی، 1.437 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر اور 11039 گولیاں، کیپسول شامل ہیں۔