بھدراوتی:کام کی غرض سے گیا ہوا نوجوان جو لاپتہ ہوچکا تھا، اسکی لاش یہاں کی بھدرا ندی میں موصول ہوئی ہے۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق بھدراوتی تعلقہ کے انور کالونی میںمقیم ضمیر(22)پچھلے3دنوں سے لاپتہ بتایا گیا ہے۔ ضمیرکام کے سلسلے میں تین دن قبل گھر سے باہر نکلا تھا تب سے یہ نوجوان غائب ہوچکا تھا ۔ گھروالوں نے اسکے متعلق پولیس میں معاملہ بھی درج کراویا ہے۔الیکٹریشن کا کام کرنے والاضمیر تین دن سے غائب رہنے سے گھروالے کافی پریشان تھے۔ اس نوجوان کا فون بھی بند آرہاتھا جس کے پیش نظر پولیس میں شکایت بھی درج کروائی گئی ۔ آج اس نوجوان کی نعش یہاںکے گنڈرائو شیڈ کے قریب بھدرا ندی میں مردہ حالت میں برآمد ہوئی ہے۔خبرملنے کے بعد نوجوان کے اہل خانہ نے غصے کا اظہار کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ اس نوجوان کا کسی نے قتل کردیا ہے اورقاتلوں کوگرفتار کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں آج انجمن کے صدر مرتضیٰ کی قیادت میں کئی لوگ ڈی وائی ایس پی دفتر کے بالمقابل جمع ہوئے اور اس بات کا مطالبہ کیاکہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے،جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتی اُس وقت تک میت کی تدفین نہیں کی جائیگی۔آخرکار پولیس کی طرف سے اس بات کی یقین دہانی کی گئی کہ قتل کے شبہ ہونے کے تعلق سے معاملہ کرلیاگیاہے اور اس معاملے کو محکمہ پولیس سنجیدگی سے تحقیق کریگا۔مرحوم ضمیر کی تدفین آج یعنی پیرکو دیر رات انجام دی گئی،اس موقع پر سینکڑوں لوگ موقع پر موجود تھے ، اہل خانہ غم سے نڈھال تھا۔اس موقع پر موجود لوگوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیاہے کہ مرحوم ضمیر کے لواحقین کو معاوضہ دیاجائےجس کیلئے رکن اسمبلی پیش رفت کریں۔اس معاملے کو بھدراوتی اولڈ ٹائون پولیس تھانے کے حدود میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔
