میلادالنبی ؐکے جلوس میں تلواربازی کرنے والے 19نوجوان گرفتار

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ اس بار امید کی جا رہی تھی کہ دوسال بعد میلاد النبی ؐ کا جلوس اور جلسہ ہو رہا ہے سب کچھ سکون سے گزر جائیگا ۔ بیشتر مقامات پر ایسا ہوا بھی لیکن کچھ کم عقلوں کی نادانی  نے سب کے سروں کو شرم سے جھکا دیا ہے۔ میلاد النبی کے جلوس کے دوران تلواریں لے کر سر عام ناچنے والے 19نوجوانوں کو شہر کی پولیس نے گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ شہر میں اتوار کے روز سداپور پولیس تھانے کی حدود میں آنے والے ٹینک گارڈن میں کچھ نادانوں کی بے وقوفی کے نتیجے میں سرزد ہوئی اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پولیس حکام نے فوری طور پر حرکت میں آکر اس علاقے میں 19نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ان نوجوانوں نے میلاد النبی ؐ کے جلوس کے دوران تلواروں اور دیگر ہتھیارات کے ساتھ محلے کے اندر ناچ گانا کیا ۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اشتعال انگیز تقریر کے کچھ حصوں کو ڈی جے مکسنگ کے ذریعے چلایا ۔ اس حرکت کے ویڈیو بھی بنا کر سوشیل میڈیا میں وائرل کئے ۔ ان کا وائرل کیا ہونا تھا کہ شہر کی پولیس حرکت میں آ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے 14 نابالغوں سمیت 19نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔حالات کس قدر نازک ہیں۔ کس طرح ایک مخصوص فرقہ کے لوگوں کے خلاف تعصب برتا جا رہا ہے اس کے بارے میں سوچے سمجھے بغیر جلوس میں ایسی حرکتیں کرنا کہاں تک درست ہیں؟۔افسوس اس بات پر ہے کہ یہ گمراہ نوجوان جو عشق رسالتؐ کا دم بینڈ باجے ، ڈی جے اور ناچ کود کر بھرتے ہوئے جلوس میں آگے بڑھ رہے تھیان کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں ہوئی۔ اور اگر ہوئی بھی تو یہ نوجوانوں کیوں قابو میں نہیں آئے۔ اگر ان نازک حالات میں نوجوانوں کوسمجھا بجھا کر قابو میں نہیں رکھ سکتے تو ان لوگوں کو آئندہ اس طرح کے جلوس کی قیادت سے ہٹ جانا بہتر ہے۔