بنگلورو:۔کے ایس آرٹی سی کے نقصان کوکم کرنے کیلئے کے ایس آرٹی سی کی چاروں شاخیں جن میں این ڈبلیو کے ایس آرٹی سی،بی ایم ٹی سی سمیت دیگر دو کارپوریشنوں کو کے ایس آرٹی سی میں ہی ضم کیاجائیگا،اس سے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو ہونےو الے نقصان میں کمی آئیگی۔اس بات کا اظہار ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ سری راملو نے کیا ہے ۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کئی دنوں سے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو نقصان ہورہاتھا، اس نقصان کو کم کرنے کیلئے یہ فیصلہ لیاجارہاہے اور ایک ہی کارپوریشن کے ماتحت کام کیاجائیگا۔مزید انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹیشن کو بہتر بنانے کیلئے مزید چار ہزار بسوں کی خریداری کو سلسلہ وار سطح پر کیاجائیگا۔جن روٹس میں کم مسافروں کی آمد ہوگی،اُن روٹس پر سے علیحدہ بسوں کو چھوڑنے کے بجائے موجودہ بسوں کو ہی خدمات کیلئے استعمال کیاجائیگا۔کے ایس آرٹی سی کو کوویڈ کےدوران بہت بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا تھا ، اس نقصان کو کم کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں،ملازمین کی تنخواہ کیلئے6 ہزار کروڑ روپئے منظورکئے گئے ہیں،اب کے ایس آرٹی سی کانقصان آہستہ آہستہ کم ہورہاہے۔
