میسورو:جے ڈی ایس اسمبلی انتخابات کیلئے پوری سنجیدگی کے ساتھ پوری تیاریاں کررہی ہے اور جلدہی126 امیدواروں کی فہرست جاری کی جائیگی۔اس بات کااظہار جے ڈی ایس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کیاہے۔انہوں نے یہاں منعقدہ دوروزہ ورکشاپ میں کارکنوں کو تربیت دینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات جے ڈی ایس کیلئے نہایت اہم ہیں،ہم نہیں چاہتے کہ ان انتخابات میں تیس چالیس امیدواروں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کسی اور پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کیلئے تیاری کریں،بلکہ ریاست میں اپنے بل بوتے پر حکومت قائم کرنے کیلئے ہماری تیاریاں ہیں،جلدہی126 امیدواروں کی فہرست جاری کی جارہی ہے،جس میں میرے بیٹے نکھل کمارسوامی کا نام بھی شام ہوگا۔نکھل کمارسوامی ریاست میں تمام امیدواروں کو جیتانے کیلئے کوشاں ہیں اور اس کیلئے ابھی سے تیاری شروع کی گئی ہے۔تمام امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہےکہ وہ الیکشن جیتنے کیلئے لڑیں نہ کہ اپنے وجود کا مظاہرہ کرنے کیلئے۔اگر ایسامنشاء ہے تو وہ اپنے دلوں سے اس بات کونکال دیں۔
