شیموگہ:۔مجاہد آزادی حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ کے نا م پرنہ صرف غیر سیاست کررہے ہیں بلکہ مسلمان بھی انہیں اپنی سیاست کیلئے استعمال کررہے ہیں،ٹیپوسلطان کے نام سے موسوم تاریخی ریل گاڑی کا نام تبدیل کیاگیاہے،لیکن ٹیپوکے نام پر قائم شدہ تنظیموں کے لوگ بھی اس سلسلے میں آوازاٹھانے میں ناکام ہوئے ہیں،جوکہ افسوسناک بات ہے۔اس بات کااظہار بہوجن کرانتی مورچہ شیموگہ ضلع کے نائب صدر عمران خان نے کیاہے۔انہوں نے کہاہے کہ ٹیپوسلطان کے نام سے موسوم ٹیپوایکسپریس کا نام تبدیل کیاگیاہے،جوکہ ٹیپوسلطان کی شان میں بے حرمتی ہے،اس کے باوجودکسی نے بھی مخالفت نہیں کی ہے۔کانگریس پارٹی جس نے کرناٹک میں ٹیپو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیاتھا وہ یونیورسٹی بنانے سے تو رہ گئی ،البتہ موجودہ ٹرین کا نام بدلنے پر بھی چند کھوکھلے بیان دیکر خاموشی کرچکی ہے۔عمران خان نے مزیدالزام لگایاکہ ٹیپوکے نام پر جابجا فلکس اور ہولڈنگس لگائے گئے ہیں ،لیکن جہاں پر ان کی تاریخ کوبحال رکھنے کی ضرورت ہے وہاں پر کام نہیں ہورہاہے بلکہ خود مسلم تنظیموں اورٹیپوکے نام پر قائم شدہ تنظیمیں بنیادی سطح پر کام نہیں کررہی ہیں۔پوسٹر ،فلکس لگانے یا ہزاروں کی بھیڑ کو جمع کرنے سے ٹیپوسلطان کی شان میں کام نہیں ہوتا۔ضرورت اس بات کی تھی کہ ٹیپو کے شیدائی اس سلسلے میں قانونی کارروائی کرتے ہوئے ٹیپوسلطان کے نام کو بحال رکھنے کا کام کرتے۔
