کاروار:۔ یلاپور اور جوئیڈا تعلقہ کی سرحد پر شیو پور گرام میں کالی ندی پر بنے جھولتے پُل پر کار چلانے والے اور پیدل گزرنے والوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے والے سیاحوں کے خلاف مقامی لوگوں نے آواز بلند کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے ان حرکتوں کو روکنے کی گزارش کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اکثر و بیشتر یہاں موج مستی کے لئے آنے والے سیاح اس تنگ جھولتے ہوئے پل پر اپنی کاریں گزارتے ہیں۔ تازہ پیش آئے واقعہ میں مقامی لوگوں نے پُل پر کار چلانے والے سیاحوں کا راستہ روک کر اپنا اعتراض جتایا اور انہیں واپس لوٹنے پر مجبور کیا۔سمجھا جاتا ہے کہ گجرات کے موربی پُل حادثے کے بعد اس علاقے کے لوگ اپنے یہاں موجود جھولتے پُل کے سلسلے میں بھی تشویش میں مبتلا ہوئے ہیں ۔ یہ پُل ایک طرف سیاحوں کی دلکشی کا مرکز ہے تو دوسری طرف مقامی لوگوں کے لئے روازنہ آمد ورفت کا اہم ذریعہ بھی ہے۔مقامی لوگوں نے سیاحوں کی موج مستی کی وجہ سے اس پُل کو درپیش خطرات سے ضلع انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے علاوہ ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری سے بھی شکایت کی ہے ۔ وزیر موصوف نے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کا یہ رویہ بالکل غلط اور نامناسب ہے۔ پجاری نے پولس کو ان کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع میں کئی پُل اچھی حالت میں نہیں ہیں ۔ پجاری نے افسران کو ان کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کے لئے بھی کہا ہے۔
