میسورو:۔ کرناٹک کے میسور میں انٹیلی جنس بیورو کے سابق افسر کار کی زد میں آکرہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ سڑک حادثہ نہیں بلکہ دانستہ قتل ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آر کے کلکرنی میسور یونیورسٹی کے منساگنگوتری کیمپس میں پیدل جارہے تھے کہ سامنے سے ایک کار نے انہیں ٹکر مار دی۔حکام نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی پر نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر یہ سمجھا کہ یہ ایک حادثہ تھا۔ لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ حادثہ جان بوجھ کر نہیں بلکہ سوچ سمجھ کرہوا ہے۔ویڈیو میں ایک تیز رفتار کار 82 سالہ شخص کے قریب آتی دکھائی دے رہی ہے، جو اپنی معمول کی سیر کر رہا تھا۔ اس کے بعد کار ڈرائیور نے اسے ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔میسور کے پولیس کمشنر چندرگپتا نے کہا، ”تحقیقات کے بعد، ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ کوئی حادثہ نہیں تھا، بلکہ ایک سوچا سمجھا قتل تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ ملزم کلکرنی کا پیچھا کر رہا تھا،” افسر نے کہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ کلکرنی انٹیلی جنس بیورو میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک خدمات انجام دینے کے بعد 23 سال قبل ریٹائر ہوئے تھے۔
