شیموگہ:۔شہرکے قدیم اسکولوں میں شمار ہونےوالی نیومنڈلی سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے آج طلباء اور ایس ڈی ایم سی نے احتجاج کیاہے۔ڈی ڈی پی آئی دفترکے بالمقابل طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے وہیں پر اپنی پڑھائی شروع کی۔نیومنڈلی کے سرکاری اردو اسکول کو کسی بھی طرح کی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے یہاں کے طلباء کو مجبوری کے ساتھ اسکول جان پڑرہاہے ۔ایس ڈی ایم سی کاالزام ہے کہ بچوں کوبیٹھنے کیلئے معقول عمارت نہیں ہے،پینے کے پانی کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے تدریسی سرگرمیاں بُری طرح سے متاثرہیں،کچھ سال پہلے تک اسکول میں 270 بجے زیر تعلیم تھے،لیکن اب اس بدحالی کو دیکھتے ہوئے محض95 بچے زیر تعلیم ہیں۔یہ اسکول70 سال پُر انی ہے ،اب یہ عمارت تباہی کے دہانے پر ہے،اس کے علاوہ کمروں کی بھی قلت ہے،اس تعلق سے محکمہ تعلیم عامہ کو کئی دفعہ شکایت کی گئی ہے لیکن محکمے کی جانب سے معقول انتظامات نہیں کئے گئے ہیں ۔مزید کہاگیاہے کہ اس اسکول کے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے متعصبانہ رویہ اختیارکیاجارہاہے اور سیاسی طور پر نشانہ بنایاجارہاہے۔احتجاجی طلباء اور ایس ڈی ایم سی کےاراکین نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ حکومت اس تعلق سے فوری طورپر اقدامات اٹھائے اور اسکول کی باز آبادکاری کیلئے سہولیات فراہم کرے۔احتجاج میں اسکول ایس ڈی ایم سی صدر ریاض احمد،ایوب خان،سید سیف اللہ مقصود،سمیع اللہ، مبینہ،نوراللہ،محمد زبیر،ظفر اللہ وغیرہ موجودتھے۔
