شیموگہ:۔آنےو الے اسمبلی انتخابات کے مدِنظر کانگریس پارٹی نے اسمبلی حلقے کے دعویداروں سے عرضیاں طلب کی تھیں جس کے مطابق آج شیموگہ اسمبلی حلقے میں دعویداروں کی ہلچل شروع ہوچکی ہے۔کانگریس پارٹی نے اس دفعہ عرضیوں کےساتھ دولاکھ روپئے کا پارٹی فنڈبھی مقررکررکھاہے،شیموگہ اسمبلی حلقے سے سابق رکن اسمبلی پرسنناکماراور سابق مئیر ایس کے مریپانے عرضیاں دائرکی ہیں۔دونوں دعویداروں نے بنگلورومیں پارٹی دفتر پہنچ کر اپنی عرضیاں جمع کی ہیں۔ایس کے مریپا فی الحال کارپوریٹرتونہیں ہیں البتہ مختلف اداروں کے صدرکے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں،جبکہ سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمارپچھلے کئی دنوں سے انتخابات کیلئے تیاریاں کررہے ہیں،وہیں شیموگہ رورل اسمبلی حلقے کیلئے آرسی نائک نے عرضی دائرکی ہے۔ان تینوں کے علاوہ اگلے ہفتے مزید دعویداروں کی جانب سے عرضیاں دائرکرنے کے امکانات ہیں۔شیموگہ رورل سے زیادہ شیموگہ سٹی کے حلقے کیلئے دعویداروں کی فہرست لمبی دکھائی دے رہی ہے ۔ دعویداروں میں ایس پی دنیش،ایچ ایس سندریش،ایچ سی یوگیش،وائی ایچ ناگراج،امتیازخان بھی عرضیاں دینے کے امکانات ہیں۔وہیں کانگریس پارٹی میں شیموگہ شہرکے معروف ڈاکٹر دھننجئے سرجی کےشامل ہونے کے بھی امکانات نظرآرہے ہیں،اگر وہ پارٹی میں شامل ہوتے ہیں تو ان کی جانب سے بھی انتخابات کیلئے عرضی دائرکی جاسکتی ہے ۔ عرضی دائرکرنے کے بعد سابق رکن اسمبلی کے بی پرسننا کمار نے میڈیاکو بتایاکہ سال2013تا2018 کے درمیان جو ترقیاتی کام انجام دئیے ہیں اُس سے اُنہیں اُمیدہے کہ پارٹی انہیں ٹکٹ دیگی،پارٹی سے ٹکٹ ملنے کے بعدعوام کے درمیان مزید خدمات کیلئے پہنچوگا۔اس موقع پرشاہ میر خان ، دیپک سنگھ،عارف خان عارو، محمد آصف مسعود،سابق کائونسلر شام سندر ،آفتاب پرویز،سید مظہر جاوید ،سید مجیب وغیرہ موجودتھے۔
