بنگلورو:۔معروف صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کے قاتل پرشورام واگمورے کی نشاندہی کرنے والے گواہ کو دھمکی دینے کا معاملہ سامنے آیاہے،جس پر عدالت نے زبانی طورپر تنبیہ دی ہے۔گوری لنکیش قتل کے معاملے کی شنوائی کررہے جج نے ویڈیو کانفرنس کے دوران ملزمان کو زبانی طور پر وارننگ دی ہے اور مستقبل میں گواہوں کو حراساں نہ کرنے کی ہدایت دی ہے،معاملے کی خصوصی پبلک پراسیکیوئٹر ایس بالن نے جج کے سامنے اس تعلق سے بتایاکہ پرشورام واگمورے کا ایک دوست اس معاملے کے اہم گواہ کو دھمکی دینے کی کوشش کررہاہے،اس تعلق سے اس نے دو تین دفعہ فون بھی کیاہے،اس لئے عدالت گواہ کو تحفظ فراہم کرے۔دولت نامی گواہ نے پرشورام واگمورے کی پہچان کی تھی،اس سے پہلے سندھگی میں ملزم پرشورام نے پاکستان کا جھنڈالہرانے کے تعلق سے بھی دولت نے گواہی دی تھی۔عدالت نے گواہ کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پولیس کو ہدایت دی ہے۔اس معاملے کی اگلی شنوائی اس مہینے کے آخرمیں ہوگی۔
