شیموگہ:۔ووٹر لیسٹ کو غیر قانونی طریقے سے استعمال کئے جانے کے تعلق سے کانگریس نے جو الزام بی جے پی پر لگایاہے وہ بے بنیادہے،اس الزام میں کوئی دم نہیں ہے۔اس بات کااظہار سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورپانے کیاہے۔آج انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سی ایم بومئی نے اس تعلق سے تحقیقات کرنے کیلئے حکم دیاہے،اگر کانگریس کے پاس اس تعلق سے دستاویزات موجودہیں تو وہ متعلقہ جانچ ایجنسیوں کیلئے حوالے کرے۔مزید انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کو شکست کاخوف کھایاجارہاہے،آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی اکثریت کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کانگریس پارٹی بوکھلائی ہوئی ہے،ہمیں اُمیدہے کہ اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت ملے گی۔اس دوران سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مرگھا مٹھ آشرم کو حکومت اپنی تحویل میں لینے کیلئے پہل کررہی ہے یہ صرف قانونی کارروائی ہے،قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے۔مزید یڈی یورپانے کہاکہ شراوتی بیاک واٹر متاثرین کے ساتھ میں ہوں،اُنہیں20-15 دنوں میں اس مسئلے کاحل نکال کردینے کیلئے پوری کوشش کرونگا۔کانگریس پارٹی بھارت جوڑویاترا کرتےہوئے سڑکوں پر تماشہ کررہی ہے ،اس سے ایک پائی کا فائدہ کانگریس کونہیں ہوگا۔اس موقع پرجے ڈی ایس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے ایچ ڈی بالیگاروغیرہ موجودتھے۔
