ممبئی:۔ پولیس نے ساورکر کے خلاف ”اہانت آمیز“ ریمارکس پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرلیا۔ راہل کے خلاف یہ ایف آئی آر یا پولیس کیس جمعرات کو تھانے پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔ یہ کیس ایکناتھ شنڈے گروپ کی کارکن وندنا ڈونگرے کی شکایت پر درج کیا گیا۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی نے ساورکر کے خلاف اپنے اہانت آمیز بیانات سے شہریوں کے جذبا ت کو محروح کیا۔ پولیس کے مطابق تعزیرات ہند کی دفعات 500(ہتک عزت) اور 501کے تحت درج کیا گیا ۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی نے مہاراشٹرا سے گزرنے والی بھارت جوڑو یاترا کے دوران جمعرات کو اکولہ ضلع کے وڈے گاؤں میں ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ساورکر نے انگریزوں کی مدد کی اور ڈرکے مارے معافی نامے تحریر کیے، اس طرح انہوں نے مہاتماگاندھی، سردار پٹیل، جواہر لال نہرو اور جدوجہد آزادی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ دغابازی کی۔
