مسلمانانِ کرناٹکاتوجہ کریں: تنویرہاشمی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلورو:۔وطنِ عزیز ہندوستان کے ناگفتہ بہ حالات ہم سب کے پیشِ نظرہیںاور ہمارا صوبہ کرناٹکا مسلسل فرقہ پرستوں کی منافرت کا شکار ہے۔ کبھی گائوکشی کا معاملہ کبھی حجاب کا فتنہ کبھی ہماری مساجد اور درگاہوں کو نشانہ بنا کر مسلسل نفرتوںکا ماحول بنایا جارہاہے۔ اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صوبہ کرناٹکا کے مسلم اقلیتوں کے لاکھوں نام ووٹرس لیسٹ سے غائب کردیئے گئے ہیں، یہ معمولی خبر نہیں ہے بلکہ ہمارے پرامن صوبہ کرناٹکا کے مسلمانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا کے صدر مولانا سید محمدتنویر ہاشمی نے کیاہے۔انہوں نے اپنے اخباری بیان میں کہاکہ حالات حاضرہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ووٹر لیسٹ سے لاکھوں مسلمانوں کے نام یونہی خارج نہیں کیے گئے ہیںبلکہ یہ ایک منصوبہ بند سازش ہے تاکہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پھرسے فرقہ پرست برسرِ اقتدار آسکے۔ مولانا سید تنویر ہاشمی نے صوبہ کرناٹکا کے علماء کرام ائمہ مساجد ذمہ دارانِ انجمن وذمہ دارانِ مساجد ومدارس اور تعلیمی ادارہ جات سے مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے فرمایا کہ اولِ فرصت مسلسل مساجد میں اعلانات کیے جائیں۔ ووٹ کی اہمیت وافادیت پر جمعہ کے خطابات میں روشنی ڈالی جائے اور بڑے پیمانے پر مسلم تنظیموں کے ذمہ داران اورمحلے ومساجد کے متولیان اورنوجوانان اس اہم کام کو ملت کی عظیم خدمت سمجھ کر ابھی سے متوجہ ہوکر سرگرم عمل ہو جائیں۔ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کے اندر آنے والے ووٹنگ بوتھ کی فہرست حاصل کرکے ناموں کو جانچ لیں، معلوم کریں کہ کہیں آپ کا یاآپ کے اہل خانہ کا نام فہرست سے خارج تو نہیں ہوگیا ہے؟ اگر ووٹر لیسٹ سے نام خارج ہوگیا ہے تو فوری طورپر بی ایل او/ ڈپٹی کمشنر/ تحصیلدارسے رجوع کرکے ووٹر فہرست سے خارج شدہ ناموں کا اندراج کرائیں اور اپنے موبائل پر ووٹر ہیلپ لائن ایپ (Voter Help Line App)ڈائون لوڈ کر کے اپنے ووٹر آئی ڈی کے مطابق جائزہ لیکر ضروری کارروائی کریں۔ نیز اہل خانہ میں جن کی عمر 17 ؍ سال ہوچکی ہے ان کے نام ووٹر لیسٹ میں اندراج کرائیں۔مولانا تنویر ہاشمی نے مزید کہاکہ ووٹ ہمارا دستوری حق ہے، ووٹر آئی ڈی ہماری شہریت کے ضروری دستاویزات میں سے ایک اہم دستاویز ہے۔ یاد رکھیں کہ فرقہ پرست قوتوں کو ہم صرف اور صرف ووٹ کی طاقت کی بنیاد پر شکست فاش دے سکتے ہیں۔ اور یہ بھی یاد رکھیں کہ ملک سے سی اے اے، این آر سی، این پی آر جیسے سیاہ قوانین ختم نہیںہوئے ہیں، ابھی بھی مذکورہ قوانین برقرار ہیں۔ ملتِ اسلامیہ کے ہرفرد کی یہ ملی وملکی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اہم کام کو بڑی ذمہ داری کے ساتھ انجام دے۔معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کرناٹکا میں حکومت کی جانب سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور تصحیح کا کام شروع کیاگیا ہے اور آخری تاریخ 9؍دسمبر بتائی گئی ہے ۔