دتتا جینتی کے مدِ نظر 5 تا9 دسمبر تک داداپہاڑ میں سیاحوں کی آمدپر پابندی

اسٹیٹ نیوز
چکمگلورو:۔ضلع میں8،7،6دسمبر تک ہونے والی دتتا جینتی کے مدِنظر تمام احتیاطی اقدامات اٹھائےگئے ہیں،یہاں آنے والے معتقدین کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو اس کیلئے تیاریاں ہوچکی ہیں۔اس بات کااظہار ڈپٹی کمشنر کے این رمیش نے کیاہے۔انہوں نے آج پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ معتقدین کو بابابڈھن گری پہنچانے کیلئے سرکاری بسوں کا انتظام کیاگیاہے،اس کے علاوہ پینے کے پانی،بیت الخلائوں کا بھی انتظام ہوچکاہے،لیکن5 دسمبر سے9 دسمبرکی صبح10 بجے تک یہاں آنے والے سیاحوں کا داخلہ ممنوع قراردیا گیا ہے۔ایس پی اوما پرشانت نے بات کرتے ہوئے کہاکہ 6 دسمبر سے8 دسمبر تک شوبھا یاتراہونےوالی ہے،جس میں معتقدین کی شرکت ہوگی،8 دسمبرکو دتتاپیٹھاکے درشن ہونگے،ضلع بھرمیں قانونی نظم ونسق کو بحال رکھنے کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔مختلف رینک کے افسروں سمیت3500 پولیس اہلکار تحفظ کیلئے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ضلع بھرمیں 24 چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں ۔شہرکے اندرپانچ چیک پوسٹ ہونگے، جبکہ شہرمیں داخل ہونے کی راہوں پر 14 چیک پوسٹ بنائے گئے ہیں۔امن و امان کو بحال رکھنے کیلئے تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیاتھااور اُمیدہے کہ حالات میں کسی بھی طرح کی گڑبڑی نہیں ہو گی ۔ شہرمیں اشتعال انگیز نعرے لگانے اور پوسٹرس لگانے پر سختی سے پابندی عائدکی گئی ہے ۔