بنگلورو:۔ محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت کے ملازمین کو بھی بطور کورونا واریرس تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے یہ بات کہی۔ انہوں نے میسورو، شیموگہ اور بلاری اضلاع میں پنچایتوں کے گرام پنچایت صدور اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے ساتھ مجازی مکالمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ریاستی حکومت کے ذریعہ حال ہی میں اعلان کردہ خصوصی پیکیج کے تحت، ہر گرام پنچایت کو ایس ڈی آر ایف فنڈ سے ہر ایک کو50ہزارروپے کی خصوصی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گرام پنچایتوں کو مقامی سطح پر کورونا وبا کے کنٹرول کے لئے چودہویں اور پندرہویں فنانس کمیشن سے حاصل شدہ گرانٹ کو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔بات چیت کے دوران چیف منسٹر نے دیہی علاقوں میں لاک ڈاؤن رہنما خطوط کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ضلع تحصیل اور گرام پنچایت کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ رہنما اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔
