چار سال سے غائب ہونے کے بعد آخرکار جے ڈی ایس اقلیتی سیل کے لیڈران حاضر

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

شیموگہ:۔پچھلے اسمبلی انتخابات کے دوران دیکھے گئے جے ڈی ایس اقلیتی شعبہ کےضلعی صدر اور عہدیداران پورےچارسال تک غائب رہے،اب اچانک پچھلے کچھ دنوں سے یہ لیڈران حاضر ہوچکے ہیں۔حال ہی میں جے ڈی ایس اقلیتی شعبہ میں ضلعی صدر یوسف بھیاکی موجودگی میں کچھ نوجوان پارٹی میں شمولیت اختیارکئے ہیں،اس کے بعد سےجےڈی ایس کے پوسٹرس سوشیل میڈیامیں گردش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔چار سالوں کے دوران شیموگہ ضلع میں ہونے والی کسی بھی سرگرمی میں نہ تو جے ڈی ایس کے لیڈران دکھائی دے رہے تھے نہ ہی جے ڈی ایس اقلیتی مورچے کے لیڈروں کا پتہ تھا۔عوام میں یہ بات گردش کررہی ہے کہ انتخابات قریب ہونے کی وجہ سے اچانک جے ڈی ایس کی جو باڈی وینٹی لیٹر پرتھی وہ اب جنرل وارڈ کو شفٹ ہوچکی ہے اور اپنے وجود کا مظاہرہ کیاجارہاہے۔چار سالوں کے دوران شیموگہ ضلع میں مسلمانوں نے مختلف مسائل کا سامنا کیاہے،لیکن ان مسائل کا سامنا کرنے یاپھر کم ازکم اپنے اعلیٰ سطحی لیڈروں کےساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کی کبھی کوشش نہیں ہوئی ہے۔یہاں تک کہ خود پارٹی کو مضبوط کرنے کی سمت میں جے ڈی ایس کےاقلیتی ودیگر لیڈروں نے کوشش نہیں کی ہے۔جس وقت بھدراوتی میں میونسپل کائونسل کے انتخابات تھےاُس دوران بھی نہ ضلعی سطح کے اقلیتی لیڈران اپنے اُمیدواروں کیلئےکام کرنے پہنچےتھے،نہ ہی وہاں کے امیدواروں کا ساتھ دینے کیلئے جے ڈی ایس کے ضلعی صدر ایم سری کانت نے پیش رفت کی تھی۔اب اسمبلی انتخابات قریب ہوتے دیکھ کر بھلے ہی جے ڈی ایس کے لیڈران ان انتخابات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں،لیکن عوام جے ڈی ایس کو سنجیدگی سےنہیں لے رہی ہے۔