دہلی:۔ ملک میں کورونا انفیکشن کے معاملات ایک بار پھر کم ہورہے ہیں اور صحت یابی کی شرح بہتر ہورہی ہے۔ ان سب کے درمیان ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا ہے کہ بیماری کے بعد کے اثرات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایسے مسائل کو دور کرنے کے لئے کورونا کے بعد کیئر کلینک اور رہیبلی ٹیشن مراکز کی ضرورت ہے۔کورونا سے صحت یاب ہونے والے لوگوں میں پائے جانے والی علامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے گلیریا نے کہاکہ اگر علامات 4 سے 12 ہفتوں تک دکھائی دیتے ہیں اس کو جاری علامت کوویڈ یا پوسٹ ایکیوٹ کوویڈ سنڈروم کہا جاتا ہے۔ اگر علامات 12 ہفتوں سے زیادہ مدت تک دکھائی دیتے ہیں تو اس کو پوسٹ کووڈ سنڈروم یا طویل(لونگ )کوویڈ کہا جاتا ہے اور اس کے لئے بھی علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ سانس لینے میں مشکل، کھانسی، سینے میں جکڑن وغیرہ کی عام علامات ہیں۔ جسم میں سوجن کے مدافعتی ردعمل کی وجہ سے یہ علامات برقرار رہ سکتے ہیں۔
