دہلی:۔ملک میں خواتین میں تیزی سے بڑھتے ہوئے سروائیکل کینسر کو روکنے کے لیے حکومت جلد ہی اسکول کی سطح پر ایک عالمگیر ویکسی نیشن پروگرام شروع کریگی۔ یہ مہم مرکزی حکومت کی طرف سے خاص طور پر 9 سے 14 سال کی لڑکیوں کے اسکولوں میں شروع کی جائیگی ۔اس عمر کی لڑکیوں کو اسکولوں میں ہی سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے CERVAVAC ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اور جو بچیاں اسکول میں یہ ویکسین نہیں لگواتی ہیں انہیں یہ ٹیکہ Vaccine Health Facility پر دستیاب کرایا جائیگا۔ سروواک ویکسین کی ویکسینیشن مہم چلانے کا فیصلہ نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ اس ویکسی نیشن پروگرام میں ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسین کو شامل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔دی ہندو میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ویکسین ہندوستان میں تیار کی گئی ہے۔ مانا جا رہا کہ 2023 کے وسط تک یہ مقامی طور پر تیار کردہ سروواک ویکسین ہندوستان میں شروع کر دی جائیگی۔ اس ویکسین کو ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے بھی منظوری دے دی ہے۔ یہی نہیں، حکومتی مشاورتی پینل NTAGI نے بھی اس ویکسین کو صحت عامہ کے پروگراموں میں استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 سے 14 سال کی نوعمر لڑکیوں کیلئےایک بار کا کیچ اپ ویکسین فراہم کی جائیگی۔ اسکے بعد اسے 9 سال کی بچیوں کو بھی دیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی، ہندوستان میں تیار کردہ HPV ویکسین کی قیمت ₹ 200 مقرر کی گئی ہے۔مرکزی تعلیم کے سکریٹری سنجے کمار اور مرکزی صحت سکریٹری راجیش بھوشن کی طرف سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو سروواک ویکسی نیشن مہم کے سلسلے میں ایک مشترکہ خط جاری کیا گیا ہے۔ ان ریاستوں اور خطوں کے اسکولوں میں HPV ویکسینیشن مراکز کو منظم کرنے کے لیے مناسب ہدایات جاری کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
