شیموگہ:۔آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی سے مختلف کارکنوں نے ٹکٹ کا مطالبہ کیاہے،اس میں کئی دعویدار مسلمانوں اور مسلم لیڈروں سے اُن کی سفارش کیلئے مطالبہ کررہے ہیں ، اس صورت میں مسلمان بغیر کسی بات چیت یا اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کے بجائے بلاشرط سفارش کیلئے راضی نہ ہوں بلکہ مسلمانوں کے حقوق کیلئے شرط رکھ کر امیدواروں کی تائید کریں۔اس بات کااظہار ضلع کانگریس کے نائب صدر اور سابق کائونسلر مختاراحمد نے کیاہے۔انہوں نے اس سلسلے میں اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ شیموگہ ضلع کے کانگریس امیدواروں کے انتخاب کیلئے عنقریب نشست ہونے جارہی ہے،جس میں کے پی سی سی کے ابزرورس کی شرکت ہوگی،کئی دعویدار مسلمانوں سے ان کے حق میں سفارش کیلئے گذارش کررہے ہیں،اس صورت میں مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ بغیر مطالبے کے سفارش کرنے سے گریز کر یں ۔ مسلمانوں کے سماجی اورسیاسی حق کیلئے اپنے علاقے کے مطابق مطالبات کریں،بغیر سوچے سمجھے سفارش کرنے سے مسلمانوں کومستقبل میں کسی بھی طرح کا حق نہیں ملے گا۔مزیدانہوں نے کہاکہ اس دفعہ شیموگہ اسمبلی حلقے سے دو مسلم دعویداروں نے بھی ٹکٹ کا مطالبہ کیاہے،ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے کہ اس دفعہ ٹکٹ مسلمانوں کوملے کیونکہ شیموگہ اسمبلی حلقے میں مسلم ووٹروں کی اکثریت ہے،اس لئے پچھلےپندرہ سالوں سے مسلمانوں کو نہ ایم ایل سی کا عہدہ دیاگیاہے نہ ہی رکن اسمبلی بننے کیلئے موقع دیاگیا۔یہاں تک کہ خود کانگریس پارٹی میں مسلمانوں کو اعلیٰ عہدوں پر فائز تک نہیں کیاگیاہے،اس لئے اس دفعہ مسلما جوش کے ساتھ جو بُلائے اُس کے ساتھ جانے کے بجائے شرائط کی بنیادپر کام کریں۔
