ریاض:۔سفر اور سیاحت میں مہارت رکھنے والے امریکی میگزین کونڈے ناسٹ نے سال 2023 کے لیے دنیا کے سات عجائبات میں سے سعودی شہر ’’العلا‘‘ کو بھی شامل کرلیا۔ زمین پر سب سے زیادہ حیرت انگیز مقامات کی سالانہ درجہ بندی کی سیریز میں اس سال ’’العلا‘‘ کو بھی شامل کرلیا گیا۔امریکی میگزین نے وضاحت کی کہ ’’العلا ‘‘ ایک غیر معمولی ورثہ اور ثقافتی تاریخ کا مقام ہے۔ یہ ایسا مقام ہے کہ ماضی قریب میں کسی نے اس کے متعلق نہیں سنا تھا۔ صورت حال اس وقت بدل گئی جب اس مقام کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا اور اس مقام کی تاریخ لوگوں کے سامنے آئی۔ یہ 2 ہزار سال قدیم علاقہ ہے جسے دنیا کے سامنے پیش کیا گیا۔امریکی میگزین کے مطابق ’’العلا‘‘ سعودی عرب کے شمال مغربی صحرا کے قلب میں واقع ہے اور اس کا زیادہ تر حصہ ابھی تک دریافت نہیں ہوا ہے۔ اندازوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس مقام کی اب تک 5 فیصد سے بھی کم جگہ کی کھدائی کی گئی ہے۔’’العلا‘‘ میں یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج کا مقام ’’ الحجر‘‘ بھی موجود ہے۔ الحجر میں سرخ ریت کے پتھروں کی چٹانوں میں تراشے گئے بڑے بڑے مقبرے ہیں۔ مزید برآں یہ قدیم شہر صحرا کی مٹی کی اینٹوں سے بنے ہوئے چھوڑے گئے مکانات پر مبنی ہے۔ یہ مکانات صحرا میں مختلف شکلیں بنا رہے ہیں۔میگزین نے انکشاف کیا ہے کہ یہاں قدیم راک آرٹ ہے۔ مشہور شیف کے ریستوران ہیں۔ ان میں سے ایک مشہور ریستوران ’’مرایا‘‘ ہے جسے شیف جیسن ایتھرٹن نے بنایا تھا۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی آئینہ رکھنے والی عمارت کے اوپر موجود ہے۔اس سال کے سات عجائبات میں سے باقی عجائبات میں فرانس کی "مونٹ سینٹ مشیل” عمارت شامل کی گئی ہے۔ اس عمارت کو فن تعمیر کا ایک عجوبہ سمجھا جاتا ہے۔
