بھٹکل : انجمن گرلس ہائی اسکول میں گولڈن جوبلی کی اختتامی تقریب : ٹیکنالوجی کا استعمال ضرور کریں مگر اس کے غلام نہ بنیں

اسٹیٹ نیوز
بھٹکل:۔موجودہ زمانے میں طلبا سمیت ہر انسان ٹیکنالوجی پر نہ صرف منحصر ہے بلکہ اس کا غلام بن گیا ہے۔ طلبا توجہ دیں کہ ٹیکنالوجی زندگی کو آسان ضروربنا تی ہے لیکن اسی کے ساتھ کئی چیلنجس بھی ہوتےہیں، ہم میں اتنی قوت ہو کہ ہم اس کا سامنا کرسکیں۔ ان خیالات کااظہار انٹرپریونیر اینڈ قرآنک گائیڈنس کوچ فارویمن چنئی ارجمند عبداللہ نے کیا۔وہ یہاں انجمن گرلس ہائی اسکول کے گولڈن جوبلی کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی سہولت کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں لیکن ٹیکنالوجی کے غلام نہ بنیں ۔والدین سے کہاکہ اگر ہم اپنے بچوں کو ٹیکنالوجی کے غلام نہیں بنانا چاہتے اورانہیں اعلیٰ مقام پر فائز دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کے ساتھ وقت بتائیں،ان کے جذبات اوراحساسات کو سمجھ کرانہیں آگے بڑھانےکی کوشش کریں۔ انہوں نےکہاکہ انسان کو چاہئے کہ وہ  اپنی عقل کا زیادہ استعمال کریں، ٹیکنالوجی کا نہیں۔ آخر میں انہوں نے بھٹکل کی مہمان نوازی اورتواضع کی ستائش کرتےہوئے کہا کہ اس تعلق سے بھٹکل تو ساری دنیا میں مشہورہے لیکن اب آپ طالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کو جاری وساری رکھیں اور باقی رکھیں۔ایک اورمہمان خصوصی سی ٹی ٹی ای کالج فور ویمن چنئی کی شعبہ سائیکولوجی کی صدرعالمہ زہرہ نے خطاب کرتےہوئےکہاکہ اگر طلبا اپنے مستقبل کو سنوارنا چاہتے ہیں تو انہیں بدلناہوگا ابھی سے اپنا منصوبہ بناکر اس پر عمل شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہرایک کو باصلاحیت پیدا کیا ہے، دماغ کا صحیح استعمال کریں تو دنیا کی تسخیرممکن ہے ۔ مہمان ِاعزازی کے طورپر محترمہ زاہدہ پروین دامودی اور فرحت مصباح موجود تھیں۔جلسہ کا آغاز طالبہ عزیزی نکاح بنت حبیب کندن گوڈا کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ عزیزی عورہ بنت عبدالقیوم اکرمی نے ترجمہ پیش کیا۔ عزیزی فاطمہ ثانیہ بنت اشتیاق احمد شاہ بندری نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ عزیزی ہاجرہ سفانہ بنت عبدالزاق ادیاور اور ساتھیوں نے ترانہ انجمن پیش کیا۔ استانی بی بی عائشہ نے مہمانوں کا استقبال کرتےہوئے ان کا تعارف کرایا۔ اسکول کی صدر مدرسہ عطیہ عبدالرحمن نے اسکول رپورٹ کی خواندگی کی۔ انجمن لیڈیز اڈوائزری کمیٹی کی چیرمن سیمہ قاسمجی نے صدارتی کلمات پیش کئے ۔ استانی بی بی عظمیٰ نے شکریہ کلمات ادا کئے۔ ڈائس پر انجمن پی یوکالج فارویمن کی پرنسپل ڈاکٹر فرزانہ محتشم ، تقریب کی کنونیر نائب پرنسپل طالعہ معلم  وغیرہ موجود تھے۔ ڈائس پروگرا م کے بعد طالبات نے بہترین اور پرلطف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔