منگلورو:۔گانجہ نوشی کے علاوہ اس کی فروخت میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کیا ہے جس میں دو ڈاکٹروں کے علاوہ میڈیکل اسٹوڈنٹس بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ 9 ملزمین میں پانچ مرد اور تین خواتین ہیں – ان کا تعلق تملناڈو، کیرالہ ، پنجاب ، دہلی اور آندھرا پردیش سے ہے ۔ مگرسب سے زیادہ حیرت کی بات یہ ہے کہ گرفتارشدگان انڈرگریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے طالب علم ہیں ۔ چار لڑکیاں ایم بی بی ایس اور ڈینٹل کالج کے فائنل ایئر میں زیر تعلیم ہیں جبکہ پانچ مردوں میں سے دو ڈاکٹرس ہیں جو میڈیکل آفیسر کے طورپر تعینات ہیں اور تین طلبہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں زیر تعلیم ہیں۔ خیال رہے کہ 8 جنوری کو نیل کشوری لال رام جی شاہ (35 سال) نامی ہندوستانی نژاد برطانوی شہری کو بنٹس ہاسٹل سے گرفتار کیا گیا تھا اور پولیس نے اس کے فلیٹ سے 2 کلو گرام گانجہ بر آمد کیا گیا جو اس نے طالب علموں اور مقامی لوگوں کو فروخت کرنے کے لئے رکھا تھا ۔ نقد روپیوں کے علاوہ اس کے پاس سے موبائل فونس بھی ضبط کیے گئے تھے۔ پولیس کمشنر این ششی کمار نے بتایا : ” نیل یونائٹیڈ کنگ ڈم کے ہندوستانی نژاد شہری ہے اور وہ ڈینٹل کالج میں طالب علم کے طور پر گزشتہ 15 سال سے منگلورو میں مقیم ہیں ۔ 15 سال گزرنے کے باوجود اس نے اپنا کورس مکمل نہیں کیا ہے ۔ اس سے گہری تفتیش کے بعد اب مزید 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان کے پاس سے بھی گانجہ بر آمد ہوا اور ان کے ذریعہ گانجہ فروشی اور گانجہ نوشی کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ گرفتار کیے گئے 9 ملزمین کو عدالت میں پیش کرکے 2 دن کی پولیس کسٹڈی حاصل کی گئی ہے۔
