بچہ مزدوری پر روک لگانے اور حقوق اطفال کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیں:ناگن گوڈا

اسٹیٹ نیوز
کاروار:۔ ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال (کرناٹکا اسٹیٹ کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس) کے چیر پرسن ناگن گوڈا نے ڈپٹی کمشنر کاروار کے دفتر میں منعقدہ ایک جائزاتی میٹنگ کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ بچہ مزدوری اور کسی بھی دوسری طرح سے ہو رہی بچوں کے حقوق کی پامالی کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں بچوں پر الگ الگ انداز سے جبر و ستم ہورہے ہیں اور ان کے حقوق کی پامالی کی جا رہی ہے جس میں بچوں سے مزدوری کرنے علاوہ بھیک منگوانا ، ہوٹلوں میں مزدوری ، جاترا اور تیوہاروں کے بازار میں مزدوری، ایک ریاست سے دوسری ریاست میں مزدوری کے لئے جانے والے والدین کے بچوں کو بھی مزدوری میں لگانا شامل ہے ۔ ان تمام چیزوں سے بچوں کا تحفظ کرنا اور انہیں تعلیم و تربیت حاصل کرنے کی طرف موڑنا اور اچھے اخلاق سکھا کر ان کی شخصیت کی تعیمر کرنا چاہیے ۔ طالب علموں کو غذا سے متعلق بہتر معلومات فراہم کرنا، یوگا اور غیر تعلیمی سرگرمیوں کی تربیت دینا ضروری ہے ۔سینئرسوِل جج اور ممبر سیکریٹری رینوکا دیوی راس رائکر نے کہا بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے تعلق سے درخواستیں موصول ہونے پر اس ضمن میں مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ بچوں کو قانونی جانکاری دینا انتہائی ضروری ہے ۔ اسکولوں اور کالجوں میں قانونی جانکاری فراہم کرنے کے پروگرام مسلسل ہونے چاہئیں ۔ ضلع ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹّی نے کہا ابتدائی مرحلے  میں اسکولوں یا اقامتی اسکولوں میں تعلیم پانے والے بچوں کو اخلاقی اقدار سے متعارف کروانا چاہیے اور ان کے اندر ان اقدار کو فروغ  دینا چاہیے جس سے آگے چل کر سماج کو بچوں سے ہونے والے نقصانات کو روکا جا سکتا ہے ۔