شیموگہ:۔کوویڈکی دوسری لہرکے دوران انجمن اسلام شیموگہ کےکارکنان خدمت خلق کے تئیں جو سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیںاور ان کے ذریعے سے کی جارہی خدمات کسی ذات مذہب یا مخصوص قوم کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے جاری ہے۔اس بات کااظہارشیموگہ ضلع کانگریس کے نائب صدر سیدوحید اڈونے کیاہے۔انہوں نے اس سلسلے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈکے ان سنگین حالات میں جہاں لوگ اپنے آپ کو بچانے کیلئے گھروں میں بیٹھے ہوئے وہیں انجمن اسلام شیموگہ کے علاوہ اور بھی چندایسی تنظیمیں ہیں جو بغیر کسی تعصب کے خدمت خلق کو انجام دے رہے ہیں۔ایسی تنظیموں کو ہمیں دل سے احترام کرنے کی ضرورت ہے۔کوویڈنے ساری انسانیت کو جھنجھوڑ دیاہے،ایسے میں ہمیں ہرگزبھی یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ خدمت کرنے والے لوگ کیسے خدمت کررہے ہیں بلکہ ان کی خدمات سے کتنے لوگوں کو فائدہ پہنچ رہاہے۔لوگ مسلسل ایک دوسرے کی نکتہ چینی کرتے ہیں اور الزام لگاتے ہیں کہ وہ فلاں پارٹی کا ہے ،فلاں پارٹی سے مددلے رہاہے یاپھر اُس کی ایسی فکرہے۔ان سب باتوں کا شکوہ کرنے کا وقت نہیں رہا۔لوگ رات میں سورہے ہیں اور صبح مرے ہوئے پائے جارہے ہیں اور ان لوگوں کو کون کیسے تجہیز وتدفین کررہاہے اس کا بھی کسی کو پتہ نہیں ہے،تو ہمیں چاہیے کہ خدمت خلق کرنے والی تنظیموں کا ساتھ دیں ،اگر ساتھ نہیں دے سکتے ہیں تو کم ازکم خاموش رہیں۔غورطلب بات ہے کہ انجمن اسلام کے کارکنا ن لاک ڈائون کے درمیان مریضوں کو میڈیکل کٹ پہنچانا،رہنمائی کرنا،راشن کٹ پہنچانااور ویکسین وغیرہ کیلئے عوام میں بیداری لانے کا کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔محدود وسائل اور محدودتعائون سے جو کام ہورہاہے وہ بہت بڑی بات ہے۔ہمیں اس کیلئے ان کا ساتھ دینے کی بھی ضرورت ہے۔
