بانی الامین تحریک ڈاکٹر ممتاز احمد خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ڈاکٹر حافظ کرناٹکی
شکاری پور:۔آج یکم فروری 2023 ء بروز بدھ کو میر معلم الامین ہائی اسکول شرالکوپہ خضر بیگ نے اپنی تعلیمی و تدریسی سرویس کے پینتیس سال مکمل کر کے آج وظیفہ یاب مقرر ہوئے۔ان کی جگہ قطب الدین کو میر مدرس کا عہدہ سونپا گیا۔ساتھ میں معلم الامین ہائی اسکول شرالکوپہ سلیم اُللہ بھی حاضر تھے۔اس موقع سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر الامین ہائی اسکول شرالکوپہ ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے کہا کہ آدمی کی زندگی میں اس کا کام بولتا ہے۔خضر بیگ الامین ادارہ سے وابستہ رہ کر لائق تحسین خدمات انجام دی ہیں۔علم ریاضی کے بہترین استاد رہے ہیں۔ایس ایس یل سی کے نتائج میں کمی آنے نہیں دی۔صد فیصد نتائج لانے کی کوشش میں رہتے۔بچوں کے اخلاق و کردار اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا۔ان کے دور میں حکومت کے افسران اور طلبہ و سرپرستان بھی خوش تھے۔ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے الامین کے طلبہ و اساتذہ سے درخواست کی خضر بیگ کے اعزاز میں ایک الوداعی جلسہ منعقد کیا جا ئے ۔ ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے مزید کہا کہ نو مقرر کردہ میر مدرس قطب الدین بھی اپنی مثال آپ ہیں۔تقریبا پینتیس سالوں سے معاون بن کر خدمت انجام دے رہے ہیں۔آج یہ میر مدرس کے عہدے پر فائز ہورہے ہیں جس کے لئے میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ الامین ہائی اسکول تعمیر و ترقی کے نئے منازل سر کریگی۔حافظ کرناٹکی نے مزید کہا کہ بانی الامین تحریک ڈاکٹر ممتاز احمد خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں یہ انہیں کا کارنامہ ہے کہ انہوں نے شرالکوپہ جیسے بنجر اور سنگلاخ علاقے میں تعلیم کی شمع فروزاں کی جس سے سینکڑوں گریجویٹس کو ملازمت ملی تو ہزاروں طلبہ اس سے فیضیاب ہوئے۔ یقیناً یہ ڈاکٹر ممتاز احمد خان کافیضان ہے۔دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ مجلس اپنے اختتام کو پہونچی۔
