واشنگٹن:۔ایک نایاب سبز رنگ کا کومیٹ یا دمدار ستارہ ہزاروں برس بعد ہمارے نظامِ شمسی کے دورے پر ہے اور نصف کُرّہ شمالی میں یکم فروری کو یہ ممکنہ طور پر برہنہ آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔یہ کومیٹ 50 ہزار برس میں پہلی بار زمین کے قریب سے گزرے گا اور شاید ایک مہینے تک یہ اسی کے آس پاس رہے۔ناسا حکام کا کہنا ہے کہ یہ برفیلا کومیٹ پہلی مارچ 2022 میں دیکھا گیا تھا جب یہ سیارہ مشتری کے مدار کے قریب تھا۔ایک دستی دوربین سے یہ سبز رنگ کی ایک چھوٹی سی چمکتی ہوئی چیز کی طرح نظر آئے گا۔ناسا کی سائنسدان ڈاکٹر سیٹفنی میلم نے کہا کہ ’ہم اس میں کچھ مالیکیولز کی موجودگی یا عدم موجودگی کا پتہ لگانا چاہتے ہیں، مثلاً پانی، کاربن ڈائی آکسائیڈ، کاربن مونو آکسائیڈ، میتھین وغیرہ۔‘اس کومیٹ کی زمرد جیسی سبز چمک اس میں موجود کیمیائی مادوں کا پتہ دیتی ہے، یہ اس میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ سے سورج کی روشنی کے ٹکرانے کا نتیجہ ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ یکم فروری کو زمین کے قریب ترین ہو گا۔ناسا نے اپنے ایک بلاگ میں کہا کہ ’کومیٹس کی پیشگوئی کرنا بے حد مشکل ہے پر اگر یہ اپنی روشنی میں اضافے کا یہی رجحان برقرار رکھتا ہے تو اسے دیکھنا آسان ہو گا۔‘’یہ بھی ممکن ہے کہ یہ تاریک آسمان تلے برہنہ آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے۔‘اس کومیٹ کا نام سی 2022 ای تھری (زیڈ ٹی ایف) ہے اور یہ 12 جنوری کو سورج کے قریب ترین تھا اور یکم فروری کو زمین کے قریب ترین ہو گا۔دی پلینٹری سوسائٹی کے مطابق اس وقت یہ زمین سے صرف چار کروڑ 20 لاکھ کلومیٹر دور ہو گا۔
