شیموگہ:۔وی آئی ایس ایل اور ایم پی ایم کارخانوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کرنے کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،کیونکہ یہ دونوں کارخانےدو آنکھوں کی طرح ہیں۔ سیاستدان اپنے مفادات کی خاطر ان فیکٹریوں کو مکمل طور پر بند کرنے جا رہے ہیں۔اس بات کا اظہارانسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین بی این ۔ راجو نے کیاہے۔انہوں نے آج پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے 8 سالوں سے ایم پی بی وائی راگھویندر اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا اور بی جے پی لیڈروں نے ان دونوں فیکٹریوں کو بچانے کا عہد کیا تھا۔ لیکن اب یہ وعدہ بالکل جھوٹ نظرآرہا ہے ۔ کارخانےکے ملازمین کارخانے کی بقا ء اور ترقی کیلئے جنگ لڑرہے ہیں،مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈرا، سابق وزرائے اعلیٰ، کانگریس پارٹی کے صدر، حلقہ بھدراوتی کے ایم ایل اے فیکٹری کو بچانے کی بات کر رہے ہیں،لیکن پچھلے آٹھ سالوں سے اقتدارمیں رہنےوالی بی جےپی حکومت وعدہ خلافی کرتے ہوئے ان دونوں کارخانوں کو بندکرنے کی کوششیں کررہی ہے۔کارخانوں کی بقاء کیلئے 27 فروری کو ہماری کمیٹی بھدراوتی تعلقہ آفس سےسوگانے ہوائی اڈے شیموگہ تک انصاف کیلئے پیدل مارچ کریگی،لہٰذا پولیس ہمیں پیدل مارچ کرنےکی اجازت دیگی یانہیں پتہ نہیں لیکن ہم پیدل مارچ کرنے کیلئے تیارہیں۔
