گرو گرام: کووڈ-19 سے متاثر ہونے کے انتہائی خوف کی وجہ سے، ایک خاتون نے خود کو اور اپنے نابالغ بیٹے کو گروگرام کے چکر پور میں اپنے گھر میں تین سال تک بند رکھا۔چونکا دینے والامعاملہ اس وقت سامنے آیا جب خاتون کے شوہر سوجن ماجھی جو کہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں انجینئر ہیں، چکر پور پولیس چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے رابطہ کیا۔ان کی درخواست پر پولیس، محکمہ صحت کے حکام اور چائلڈ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ارکان کی ایک ٹیم منگل کو رہائش گاہ پر پہنچی، مرکزی دروازہ توڑ کر منمون ماجھی اور اس کے 10 سالہ بیٹے کو بچا لیا۔ گھر کے اندر سے پریشان کن مناظر چاروں طرف کپڑوں، بالوں، کچرے، گندگی اور گروسری کا ڈھیر لگا تھا۔لڑکے کی ماں گھر میں بچے کے اپنے بال کاٹتی تھی۔ اس دوران گھر میں چولہے کی بجائے انڈکشن کے ذریعے کھانا پکانا شروع کیا گیا۔ یہاں تک کہ تین سال سے گھر کا کچرا بھی باہر نہیں پھینکا گیا اور اس دوران کسی نے گھر کا رخ نہیں کیا۔ بچہ گھر کی دیواروں پر پینٹنگز بناتا تھا اور صرف پنسل سے پڑھتا تھا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ خاتون کے بیٹے نے گزشتہ تین سالوں میں سورج بھی نہیں دیکھا تھا۔اس دوران پڑوسیوں کو اس بات کا کوئی پتہ نہیں تھا کہ وہ دونوں گھر کے اندر بند ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون کوویڈ 19 کی وجہ سے خوف و ہراس کی حالت میں تھی اور اسے یقین تھا کہ اگر اس کا بیٹا گھر سے باہر نکلا تو وہ مر جائے گا۔تین سال تک اپنے بیٹے کے ساتھ قید کے دوران خاتون نے اپنے شوہر کو بھی گھر میں داخل نہیں ہونے دیا۔ وہ 2020 میں پہلی بار لاک ڈاؤن کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد دفتر کے لیے گھر سے باہر نکلے تھے اور تب سے انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ ماجھی اپنے خاندان سے جڑے رہنے کا واحد طریقہ ویڈیو کالز کے ذریعے تھا۔ وہ گھر کا ماہانہ کرایہ ادا کرتا، بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرتا، اپنے بیٹے کے اسکول کی فیس جمع کرتا، کریانہ اور سبزی خریدتا اور راشن کے تھیلے بھی مرکزی دروازے کے باہر چھوڑ دیتا۔ ریسکیو کے بعد ماں بیٹے کی جوڑی کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔
