بھٹکل میں جائیداد کو لے کر ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کا بیہمانہ قتل

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بھٹکل:۔ جائیداد کے تنازعہ کو لے کر ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کو اُن ہی کے قریبی رشتہ داروں نے دن دھاڑے دھاردار ہتھیار سے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ اس سلسلے میں پولس نے دو لوگوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ بہیمانہ قتل کی یہ واردات شمس الدین سرکل سے 25 کلو میٹر دور تعلقہ  کے ہاڈولّی کے اونی باگیلو گاؤں میں جمعہ کو شام قریب 4:30 بجے پیش آئی۔مقتول کی شناخت شمبھو وینکٹ رمن بھٹ (65)، ان کی اہلیہ مادیوی بھٹ (58)،  ان کا فرزند  رگھویندرا عرف راجو بھٹ (40) اور رگھویندرا کی اہلیہ  کوسوما رگھویندا بھٹ (32) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔جائے وقوع کا جائزہ لینے پر پتہ  چلا کہ جنگلات سے گھرے ہوئے اس علاقہ میں مکانات ایک دوسرے سے کافی فاصلے پر  ہیں اس بناءپر  دن کے اُجالے میں  ایک  ساتھ  چار لوگوں کو گردن اورجسم کے دیگر حصوں پر   دھاردار ہتھیاروں سے حملہ کرنے کے باوجود کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوسکی۔ گھر سے قریب 50 میٹر کے فاصلے پر شمبھو بھٹ کی نعش پائی گئی، ان کے پیچھے قریب 25قدموں کی  دوری پر ان کے فرزندکی نعش پڑی تھی، غالباً وہ اپنے والد کو بچانے کی کوشش کرنے آگے بڑ ھ رہا ہوگا، اس کے مزید کچھ قدم پیچھے ایک طرف اس کی ماں اور دوسری طرف اس کی بیوی کی نعش پڑی تھی۔ یعنی چاروں کی نعشیں گھر کے باہر انگن میں ہی خون میں لت پت حالت میں پڑی ہوئی پائی گئی۔جائے وقوع پر موجود ان لوگوں کے قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ مقتول شمبھو بھٹ کا بڑا بیٹا شری دھر بھٹ گردے ناکارہ ہونے کی وجہ سے قریب آٹھ سال پہلے فوت ہوچکا ہے، شریدھر بھٹ کی اہلیہ ویدیا بھٹ کو اپنے سسر شمبھوبھٹ کے ساتھ  جائیداد میں حصہ کو لے کر مسئلہ تھا، الزام لگایا گیا ہے کہ ویدیا بھٹ کے بھائی ونئے بھٹ نے قتل کی  واردات انجام دی۔ اس قتل میں  ودیا بھٹ اور اس کے والد شری دھر بھٹ بھی  ملزمین  میں شامل ہیں۔(ویدیا بھٹ کے شوہر اور والد دونوں کا نام شریدھر بھٹ ہے) پتہ چلا ہے کہ پولس نے ویدیا بھٹ اور اس کے والد شریدھر بھٹ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اہم ملزم ونئے بھٹ فرار ہے۔جس وقت قتل کی یہ واردات پیش آئی، مہلوک راجو بھٹ کا چھ سالہ بڑا بیٹا اسکول گیا ہوا تھا، جبکہ راجو کی تین سالہ بچی گھر کے اندر سوئی ہوئی تھی۔یہ دونوں محفوظ ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کاروار سے ایس پی وشنووردھن اپنے عملہ کے ساتھ بھٹکل پہنچ گئے اور جائےوقوع کا جائزہ لینے کے بعد نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا۔ بھٹکل ڈی وائی ایس پی شری کانت، مضافاتی پولس تھانہ کے سرکل پولس انسپکٹر چندن گوپال، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی، تحصیلدار اشوک بھٹ ، پی ایس آئی و دیگر پولس کے کافی اہلکار پہلے ہی جائے وقوع پر پہنچ چکے تھے۔کاروار سے بھٹکل پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کے بعد اُترکنڑا کے ایڈیشنل ایس پی سی ٹی جئے کمار نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ ملزموں کو گرفتار کرنے کیلئےتین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تینوں کو جلد سے جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ مضافاتی پولس تھانہ میں اس تعلق سے کیس درج کیا گیا ہے۔