ہبلی:۔’’نفرت کسی سے نہیں محبت سب سے ‘‘ اس عظیم الشان پیغام کی فلک شگاف صدائوں کے درمیان جماعت اہل سنت کرناٹکا کی دوسری سالانہ صوبائی سطح کی نشست ہبلی میں منعقدہوئی۔ جس میں علماء کرام ، مشائخ عظام ، ائمہ مساجد، متولیان مساجد وعمائدین وسیاسی قائدین کی موجودگی میں صدر جماعت حضرت مولانا سید محمد تنویر ہاشمی نے اپنے کلیدی خطاب میں فرمایا کہ جماعت اہل سنت کرناٹکا کا قیام تعمیر اہل سنت ، تعمیر ملت، تعمیر ملک اور تعمیر انسانیت کی بنیادوں پر عمل میں آیاہے۔ صدر جماعت نے مزید فرمایا کہ نفرتوں کے اس پر فتن دور میں پیغام محبت عام کرنے کے لیے یہ تحریک ہمہ وقت مصروف کار ہے۔ مسلمانوں کے مابین اتحاد پیدا کرنا، تعلیمی پسماندگی کو دور کرنا ہم وطن غیر مسلم افراد سے تعلقات خوش گوار بنانا، صبر ، ہمت، حکمت کے ساتھ ہندوستان میں باعزت زندگی بسر کرنا اور قانو ن کے دائرے میں رہ کر تمام مسائل کا حل حاصل کرنا ،ان امور پر25؍ اضلاع سے آئے ہوئے تمام مندوبین کے درمیان اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔ اپنے خطاب میں صدر جماعت نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے صوبہ کرناٹک کے تمام اضلاع میں ایک معیاری انگریزی میڈیم اسکول مع دینیات قائم کرنے کا ا علان فرمایا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مہم ’’آسان نکاح‘‘ کی تائید کرتے ہوئے فرمایا کہ جماعت اہل سنت کرناٹکا طلاق وخلع کے بڑھتے واقعات کے تدارک کے لیے ایک ماڈل نکاح نامہ تیار کررہی ہے جس میں احکام شریعت کے مطابق امت مسلمہ کو درپیش طلاق وخلع کے غلط استعمال پر قابو پانا ممکن ہوپائے گا۔ یہ ماڈل نکاح نامہ مفتی محمد علی قاضی مصباحی کی سرپرستی میں جماعت اہل سنت کرناٹکا کی شرعی کونسل مرتب کرے گی۔ مفتی محمد علی قاضی مصباحی نے اپنے پر مغز خطاب میں ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مسلمانوں کی ذمہ داری پر اظہار خیال فرمایا۔ مولانا قاضی سید شمس الدین قادری نائب صدر جماعت اہل سنت کرناٹکا نے سالانہ روداد اور سال بھر کی خدمات کی تفصیل انتہائی احسن انداز میں بیان فرمایا۔ مولانا سید عبد الحکیم ازہری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔الحاج سی ایم ابراہیم ، عبد الحکیم ہنڈلگری، عبدالجبار سابق ایم ایل سی ، الطاف نواز کتورنے اظہار خیال فرمایا۔ سید تراب پاشاہ قادری ہلکٹہ شریف ، مولانا سید ابدال قادری آندھراپردیش، مولانا حسان آمری بنگلور، مولانا مصطفی کمال کوپل، حافظ وقاری نذیر اللہ قادری بیلگام، قاری سمیع اللہ قادری باگل کوٹ، حافظ مظہر خان گدگ، حافظ ذبیح اللہ ہاویری ، مولانا سید قاسم بخاری گلبرگہ، مفتی سراج نظامی بیدر،عثمان شریف بنگلور، امتیاز شیخ کاروار، اشرف علی ہبلی، ڈاکٹر قادر ولی بنگلور، مولانا علی جان اشرفی داونگیرہ، مولانا طٰہٰ اُڑپی ، مولانا مجیب اشرف دھارواڑ،سیدسراج قادری ٹمکور، جمیل اشرفی میسور،ظفراللہ خان شیموگہ، قاضی غلام غوث اشرفی بلاری،شکیل احمد چترا درگا، مفتی عظیم الدین رائچور،قاضی افضل الدین صدیقی یادگیراور سید مصطفی قادری ملکھیڑ کے علاوہ کئی ذمہ داران جماعت نے اپنے اپنے اضلاع کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اظہار خیال فرمایا۔اس اہم نشست میں جماعت اہل سنت کرناٹکا کی جانب سے سپریم کورٹ میںدائر کردہ طلاق ثلاثہ اوراین آرسی،این پی آراور سی اےا ے مقدمات کاجائزہ بھی لیا گیا۔ملعون وسیم رضوی کی جانب سے قرآن مجید کی 26آیات کو قرآن مجید سے حذف کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں دائرپی آئی ایل کی تمام شرکاء نے شدید مذمت کی ۔ صدر جماعت نے اس موقع پر تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے اپنے تعلق کو اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ مضبوط کریں۔اس اہم نشست میںجماعت کے اغراض ومقاصد کی حصولیابی کے لیے رمضان کے بعد ایک جامع لائحہ عمل کے ساتھ تمام اضلاع میں کام آگے بڑھانے پر اتفاق رائے کا اظہا رکیا گیا۔ مسجدو ن تحریک کے جنرل سکریٹری امتیاز احمد منگلورنے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا جس کا بنیادی مقصد مسجد کو مرکز بنا کر مسلمانوںکے تعلیمی، اقتصادی، اخلاقی، سماجی اور سیاسی مسائل کو حل کرنا ہے۔ جماعت اہل سنت کرناٹکا نے مسجدون تحریک کو پورے صوبہ کرناٹک میں متعارف کراتے ہوئے مکمل تعاون کا اعلان کیا ۔ دھار واڑ ضلع کے ڈپٹی کمشنر شری پاٹل نے محکمہ صحت کے افسران کوکوویڈویکسین بیداری مہم کے تحت جماعت اہل سنت کرناٹکا کے اجلاس میں خصوصی طورپر اپنا نمائندہ بنا کر بھیجا تھا۔محکمہ صحت کے افسران نے تمام اضلاع کے مندوبین سے کوویڈویکسین کیلئےتعاون کی اپیل کی۔ مولانا نیاز عالم قادری جوائنٹ سکریٹری جماعت اہل سنت کرناٹکا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے،محمد یوسف نے تمام شرکاء اجلاس کاشکریہ اداکیا۔سید تاج الدین قادری سر پرست جماعت اہل سنت کرناٹکانے دعا فرمائی۔مولانا محمد حسین شطاری نے صلاۃ وسلام پیش کیا۔ نماز ظہر کے ساتھ یہ تاریخ ساز اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
