بھدراوتی:۔ جیسے جیسے میونسپل کونسل الیکشن قریب آرہےہیں اسی طرح سے یہاں مختلف سیاسی پارٹیوں سے ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کی دوڑ دھوپ بھی تیز ہوچکی ہے۔ ہرکوئی یہ چاہ رہا ہے کہ وہ ٹکٹ حاصل کریں، لیکن شہر میں پچھلے کئی سالوں سے سیاسی وملی جماعتوں سے جڑ کر کام کرنے والے محمد پرویز بھی اس دفعہ میونسپل الیکشن کے مضبوط دعویدار بتائے جارہے ہیں۔ 18 ویں وارڈ سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کانگریس پارٹی کی ٹکٹ کیلئے طلبگار ہیں ۔محمدپرویز پچھلے 2014سے 2017 کے درمیان یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے عہدے پر رہے، اسکے بعدوہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے رکن بھی رہے، ساتھ ہی ساتھ کے پی سی سی کے میناریٹی سیل کے کوآرڈنیٹر کے طور پر اب خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سیاسی سفر میں اب تک وہ کھل کر کام رہے ہیں۔ اب انہیں کانگریس پارٹی ٹکٹ دے کر یہاں کے 18 ویں وارڈ سے کامیاب بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ غورطلب بات یہ ہے کہ اس وارڈ میں 2860 ووٹران ہیں ان میں 1250 ووٹ مسلمانوں کے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر محمد پرویز کو ٹکٹ مل جاتی ہے اوروہ یہاں الیکشن میں امیدوار ہوجاتے ہیں تو یقیناً مقابلہ فرقہ پرست جماعت کے ساتھ ہوگا، ورنہ یہاں کے ووٹ بکھر جائیںگے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا کانگریس پارٹی تعلیم یافتہ وباصلاحیت نوجوانوں کو آگے لانے کی کوشش کرتی ہے یا پھر ہارنے والے کھلاڑیوں پر بازی لگانے کی حماقت کرتی ہے۔
