بھٹکل:۔ریاستی بی جے پی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کو 2b زمرے میں حاصل ہونے والا 4 فیصد ریزرویشن ختم کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت سے گورنر کے نام میمورنڈم پیش کیا ہے جس میں نہ صرف چار فیصد ریزرویشن بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بلکہ ریزرویشن کو چار فیصد سے بڑھا کر سات فیصد کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے پیش نظر دستوری حق کے طور پر مسلمانوں کو تعلیمی اداروں اور روزگار کے اداروں میں جو 2B زمرے کے تحت ریزرویشن دیا جا رہا تھا وہ چینپّا ریڈی کمیشن اور اقلیتی کمیشن کی رپورٹوں کی بنیاد پر تھا ۔ ریاستی بی جے پی حکومت کی طرف سے اس ریزویشن کو مسلمانوں سے چھین کر وکلیگا اور لنگایت طبقات کو دینا، مسلمانوں کو ان کے اپنے دستوری حق سے محروم کرنا ہے ۔ حکومت کی اس کارروائی سے مسلمانوں میں بے اطمینانی اور اضطراب کی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ہم موجودہ بی جے پی حکومت کی جانب سے صرف سیاسی مفاد حاصل کرنے کے لئے کیے گئے اس اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے لئے 2B زمرے کے تحت نہ صرف ریزرویشن بحال کیا جائے بلکہ اسے 4 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کیا جائے ۔ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، سابق صدر ایس ایم پرویز، سابق جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری، جیلانی شاہ بندری، عزیزالرحمن رکن الدین ندوی سمیت دیگر اراکین موجود تھے۔
