بنگلورو:۔ریاست میں اسمبلی انتخابات کیلئے جنتا دل سیکولرنے اپنا انتخابی منشورجاری کیاہے،جس میں بتایا گیاہے کہ جے ڈی ایس حکومت میں آتی ہے تو سال پانچ سلنڈرمفت دئیے جائینگے،اس کے علاوہ اقلیتوں کی فلاح وبہبودی کیلئے سچرکمیٹی کی سفارشات کو نافذکیاجائیگا۔آج یہاں کے شیشادری پورم میں جے ڈی ایس دفترمیں منعقدہ پریس کانفرنس میں انتخابی منشور(الیکشن مینوفیسٹو)کمیٹی کے صدر بی ایم فاروق ،سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے انتخابی منشورکو جاری کرتے ہوئے کہاکہ پنچ رتن منصوبے کے مطابق پانچ ایم نکات کو حکومت میں آنے کے بعد نافذ کرنے کیلئے ہم نے منصوبہ بنا یا ہے ،اسی مقصدکے تحت ہم نے ریاست بھرمیں پنچ رتن یاتراکا انعقادکیا تھا ۔ ماتا شری منصوبے کے تحت خواتین کے مائکرو فائنانس قرضوں کو معاف کیاجائیگا،بیوائوں کو900 روپئے کا جو وظیفہ دیاجارہا ہے اُسے بڑھاکر 2500 روپئے دئیے جا ئینگے ، سال میں پانچ سلنڈر مفت دئیے جائینگے ، جبکہ حاملہ خواتین کو چھ ماہ تک6 ہزار روپئے کا بھتہ دیا جائیگا ، آنگن واڑی خواتین کو ماہانہ پانچ ہزار روپئے تنخواہ اور کم ازکم15 سال تک خدمات انجام دینے والی آنگن واڑی رضاکارکو پینشن دی جا ئیگی ۔ اسی طرح رئیتا بندھو منصوبے کے تحت فی ایکر زمین پر 10 ہزار روپئے کی امدادی رقم دی جائیگی،جبکہ ہر کسان کے گھر کو ماہانہ 2000 روپئے دئیے جائینگے ، کسانوں کی بیٹیوں کی شادیوں کیلئے2 لاکھ روپئے دئیے جائینگے ، جبکہ بزرگوں کے ماہانہ وظیفے کی رقم 1200 سے بڑھاکر5000 روپئے کی جائینگی ۔ جسمانی معذور افرادکا ماہانہ وظیفہ 600 روپئے سے بڑھاکر2500 روپئے کیاجائیگا۔اسی طرح سے پولیس محکمے کے افسروں اور اہلکاروں کوبہتر تنخواہ دی جائیگی۔تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے8.6لاکھ طلباء کو مفت بائیسکل اور پسماندہ طبقات کے طلباء کو60 ہزار الیکٹرک بائک دئیے جائینگے۔مذہبی اقلیتوں کیلئے جسٹس سچرکمیٹی کی سفارشات کو نافذکیاجائیگا ، ریاست میں وقف املاک کے تحفظ اورترقی کیلئے علیحدہ کمیٹیوں کی تشکیل دی جائیگی،ساتھ ہی ساتھ بزرگ اور بے سہارالوگوں کے قیا م وطعام اور دیکھ بھالی کیلئے سہارامنصوبہ جاری کیاجائیگا۔
