شیموگہ:۔ کوویڈ کی وجہ سےپچھلے ایک ماہ سے لاک ڈائون کیا گیا ہے۔ اس لاک ڈائون کے سبب ریاست کے غریب اور درمیانی طبقے کے لوگوں نے اپنےروزگار کھودئے ہیں اور کئی طرح کی مشکلات میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔ ریاستی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ تمام طرح کے شعبہ جات کیلئےمالی پیکیج کا اعلان کرے۔اس بات کا مطالبہ آج ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی شعبہ میناریٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں کانگریس کمیٹی شعبہ میناریٹی کےضلعی صدر محمد عارف اللہ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ وزیر اعلیٰ کو میمورنڈم پیش کیاگیا ہے۔انہوں نے اپنے مطالبے میں بتایا کہ بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سےغریب اور درمیانی طبقہ کنگال ہوچکا ہے اور ریاستی حکومت نے عوام کی تکلیفوں کا احساس کرتے ہوئےحال ہی میں 1200 کروڑ کا پیکیج پہلے مرحلے کیلئے اوردوسرے مرحلے میں 500 کروڑ کا مالی پیکیج دینےکا اعلان کیا ہے اس کا استقبال کیا جاتا ہے۔ لیکن اس مالی پیکیج سے تمام غریب اور متوسط طبقے کی عوام کو سہولیات پہنچے گا یہ نا ممکن ہے۔ چند پیشہ وارنہ اور مزدوروں کو ہی اس مالی امداد سے فائدہ پہنچ سکتا ہے ان کے علاوہ دیگر کئی شعبہ جات ایسے ہیںجو اس امداد سے محروم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی اس مشکل گھڑی میں حکومت کا کام ہے کہ وہ تمام شعبوں کی مددکیلئے آگے آئے۔لاک ڈائون کی وجہ سے نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ جو پچھلے 2 سالوں سے مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور صحافی جو لاک ڈائون کے دوران اورکوروناکے خوف کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر حکومت کے منصوبوں کو عوام تک پہنچانے کا کام کررہے ہیں انہیں کم ازکم 10 ہزار کا معاوضہ دیا جائے، بی پی ایل کارڈ رکھنے والےہر غریب خاندان کے افراد جو کورونا سے مرچکے ہیں انہیں کم ازکم 3 لاکھ روپیوں کا معاوضہ جاری کیا جانا چاہئےاور تمام بی پی ایل کارڈ صارفین کا انشورینس بنایا جائے تاکہ اگر کسی وجہ سے مرجاتے ہیں تو انکے گھروالوں کو مالی امدا د سے راحت پہنچائی جاسکے۔ مزید مطالبہ کیا گیا کہ تمام مکانوں اور چھوٹی دکانوں کے بجلی کے بل معاف کریں یا پھر کم ازکم بل وصول کیا جائے۔ متعد د بینک قرضہ جات،میکروفینانس،وغیرہ سے لئے گئے قرضوں پر عائد 3 مہینوں کا سود معاف کیا جائے۔یہ تمام مطالبات ریاستی حکومت کے اختیارات میں آتے ہیں اس سے حکومت پر کوئی افزود بوجھ نہیں پڑیگا، لہٰذا حکومت سے مطالبہ ہے کہ فوراً ان تمام مطالبات پر غور وفکر کریں اور انہیں جاری کرنے کی پہل کریں ۔ اس موقع پرضلع کانگریس کے سکریٹری اقبال نیتاجی، ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے سکریٹری رحمت اللہ،احمد بیگ وغیرہ موجودتھے۔
