گردابی طوفان ’موچا‘ نے اختیار کی خطرناک شکل; این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات، مشرقی ہند کی ریاستوں میں الرٹ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ خلیج بنگال کے جنوب مشرق میں دباؤ کے علاقہ نے جمعرات کو گردابی طوفان ’موچا‘ نے خطرناک شکل اختیا رکرلی ہے۔ گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران ’موچا‘ کو شمال مغرب کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور یہ پوری طرح سے ایک گردابی طوفان میں بدل چکا ہے۔ اس دوران گردابی طوفان کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی۔ گردابی طوفان ’موچا‘ کو دیکھتے ہوئے مشرقی ہندوستان کی ریاستوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مغربی بنگال میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق این ڈی آر ایف کی تین ٹیمیں شمالی مدناپور میں تعینات ہیں۔ علاوہ ازیں ایک ٹیم کو رام نگر 1 بلاک، رام نگر 2 بلاک و ہلدیا میں تعینات کیا گیا ہے، اور دو ٹیموں کی جنوبی 24 پرگنا کے گوسابا کل تلی میں تعیناتی ہوئی ہے۔ شمالی 24 پرگنا کے ہل گنج اور سندیش کھلی میں ایک ٹیم کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔ ’موچا‘ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تیاریوں کو پختہ کر لیا گیا ہے اور کوسٹ گارڈ ٹیم کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ کوسٹ گارڈ ڈیزاسٹر ریلیف ٹیم کی تشکیل بھی کی گئی ہے جو اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں سرگرم ہو چکی ہے۔محکمہ موسمیات کے ذریعہ جو جانکاری دی جا رہی ہے اس کے مطابق مغربی بنگال میں تیار ہوا دباؤ والا علاقہ گردابی طوفان ضرور بن چکا ہے، لیکن یہ 12 مئی کی دوپہر تک خطرناک طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ گردابی طوفان 14 مئی کی صبح بنگلہ دیش کے کاکس بازار اور میانمار کے ککپیو میں ٹکرا سکتا ہے۔ ساحل سے ٹکرانے کے دوران موچا کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔ حالانکہ مغربی بنگال پر اس کا کتنا اثر ہونے والا ہے، یہ ابھی تک صاف نہیں ہو پایا ہے۔ لیکن بنگال حکومت نے ابھی سے ہی ساحلی علاقوں میں اس سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔