بھٹکل:۔ قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے کانگریس ہائی کمانڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹکل کے نومنتخب رکن اسمبلی منکال وئیدیا کو اُترکنڑا کا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر مقرر کیا جائے ۔ تنظیم کی حمایت سے شاندار جیت درج کرنے والے منکال وئیدیا کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم سیاسی پینل کے کنوینر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے بتایا کہ 2013 میں جب منکال وئیدیا رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے تو انہوں نے کافی ترقیاتی کام کئے تھے اس بناء پر ہم چاہتے ہیں کہ منکال وئیدیا کو ہمارے ضلع کا انچارج وزیر بنایا جائے تاکہ مزید ترقیاتی کام انجام دینے میں آسانی ہو۔عمران لنکا نے بتایا کہ مسلمانوں نے ہمیشہ کی طرح اِس بار بھی تنظیم کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تنظیم کے حمایت یافتہ کانگریس اُمیدوار منکال وئیدیا کے حق میں ووٹنگ کی تھی جس کے نتیجے میں منکال وئیدیا بی جے پی کے سنیل نائک کو 32 ہزار ووٹوں سے ہرانے میں کامیابی حاصل کی۔تنظیم کے موقف کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ پچھلی بار انتخابات کے موقع پر کچھ غلطیاں سرزد ہوئی تھی جس کی وجہ سے تنظیم حمایت یافتہ اُمیدوار جیت نہیں پایا تھا، مگر اِس بار پوری منصوبہ بندی کے ساتھ آخری وقت تک تنظیم نے اس بات کو راز میں ہی رکھا کہ تنظیم کس پارٹی کی حمایت کریگی۔انہوں نے بتایا کہ راتوں رات برادری کے ہر فرد کو تنظیم کی طرف سے پیغام پہنچایا گیا تھا کہ اِس بار تنطیم نے کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ساتھ ہی تمام پولنگ بوتھوں پر ہمارے نوجوانوں نے متحرک ہوکر کام کیا اور پوری یکسوئی کے ساتھ تمام لوگوں کے ووٹ ایک ہی اُمیدوار کے حق میں ڈالے گئے۔انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں امن ومان اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم کرنے کے لیے لوگوں نے کانگریس پارٹی کو ووٹ دیا ہے۔ آگے بتایا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں بھی ایسی پُرامن فضا قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کبھی بھی اپنے مفاد کے لیے فیصلے نہیں لیتی بلکہ برادری اور بھٹکل کی خوشحالی کے لیے کوشاں رہتی ہے۔تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ تنظیم کبھی بھی کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کریگی۔ تنظیم تمام پہلووں کو سامنے رکھ کر ہی فیصلے لیتی ہے کہ جس سے کہ کمیونٹی کو فائدہ پہنچے۔ بھٹکل جے ڈی ایس کا معروف چہرہ عنایت اللہ شاہ بندری نے بتایا کہ میری پارٹی مختلف ہونے کے باوجودمیں نے تنطیم کے فیصلوں پر عمل کیا اور تنظیم کے فیصلے کو لاگو کرنے کیلئے ہی کام کیا یہی وجہ ہے کہ ہمیں اِس بار زبردست کامیابی ملی۔ تنظیم سیاسی پینل کے نائب کنوینر عزیزالرحمن رکن الدین ندوی نے تنظیم کے فیصلوں کو لاگو کرنے میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نوجوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام اسپورٹس کلب کے نواجوانوں کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے علماء اور ووٹروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
