کرناٹک سے بی جے پی اور نریندر مودی کا خاتمہ: وشواناتھ

اسٹیٹ نیوز
میسورو:۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ناراض قائد و رکن کونسل شری اے ایچ وشواناتھ نے بتایا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات سال 2024میں منعقد کئے جانے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے ایک ریفرنڈم ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم کے خاتمہ کاآغاز ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے کرناٹک کو بار بار دورے کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شرم ناک شکست کا سامنا پڑا ہے۔ اسی لئے ریاست کرناٹکا کے عوام نے کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت سے اعتماد کے پھول نچھاور کئے ہیں۔ریاستی عوام نے کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، ڈی کے شیوکمار اور سدارامیا پر مکمل اعتماد کرکے کانگریس کو دوبارہ اقتدار سونپا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج سے ریاست کے تمام عوام کافی خوش ہیں۔ اب کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرے اور عوام کی خوشحالی اور ریاست کی ترقی کیلئے کام کرے۔