مقبوضہ بیت المقدس:۔اسرائیلی فوج کے ایک سابق افسر نے یروشلم کے پرانے شہر میں واقع مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے کی سالوں پہلے چرائی گئی چابی محکمہ اسلامی اوقاف کو واپس کر دی ہے ۔ یائیر باراک نامی سابق اسرائیلی پیرا ملٹری افسر نے بتایا کہ انہوں نے یہ چابی تب چرائی تھی جب اسرائیلی فوج شہر پر قبضہ کر رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ اب جب میں یروشلم میں اسرائیلیوں کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیز کاروائیاں دیکھتا ہوں، تو سوچتا ہوں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نہ صرف اس چابی کو واپس کیا جائے بلکہ مقبوضہ مغربی کنارے اور تمام چوری شدہ سامان کو فلسطینیوں کو واپس کر دیا جائے۔یائیر باراک اب اسرائیلی فوج سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔ وہ اس ہفتے، مسجد اقصیٰ میں واقع محکمہ اوقاف کے دفتر گئے، اور تاریخی مراکشی دروازے کی چابی محکمہ کے ڈائریکٹر شیخ عزام الخطیب اور مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر شیخ عمر الکسوانی کے حوالے کی۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ چابی صرف ایک علامت ہے اور اس جیسی اور بھی چابیاں ہیں، لیکن وہ یہ علامتی قدم نفرت اور دشمنی کو فروغ دینے والوں کے خلاف کارروائی کے طور پر اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حق اس کے مالکان کو واپس ہونا چاہیے۔شیخ عزام الخطیب نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ”ہاں، چابی اس کے اصل مالکوں کو مل گئی ہے۔80 سالہ افسر یائیر باراک جلیل میں ایک یہودی کوآپریٹو میں مقیم ہیں۔ 1967 میں، جب وہ انہیں اسرائیلی فوج کے ایک یونٹ کے ساتھ مشرقی بیت المقدس پر قبضہ کرنے کے لیے بھیجا گیا تو وہ چوبیس سال کے تھے۔
