بی جے پی کے دور کے تمام اسکامس کی تحقیقات کرائیگی کانگریس: ایم بی پاٹل

اسٹیٹ نیوز
بنگلورو: کرناٹک کے ریاستی کابینی وزیر ایم بی پاٹل نے کہا کہ کرناٹک میں سابق بی جے پی حکومت کے دور میں جتنے بھی اسکینڈل اور اسکام ہوئے ہیں حکمراں کانگریس ان کی تحقیقات کرائے گی۔اس بیان سے سہ روزہ اسمبلی اجلاس سے قبل ایک تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔پاٹل نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت پی ایس آئی رکروٹمنٹ اسکام 40 فیصد کمیشن اسکینڈل اور دیگر تمام دھوکہ بازیوں کی تحقیقات کرائے گی جو سابق بی جے پی حکومت کے دور میں کی گئی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ بٹ کوائن اسکینڈل سمیت دیگر تمام محکموں میں ہوئے غبن کو بے نقاب کیا جائیگا۔بیشتر کی مناسب تحقیقات نہیں ہوئی ہیں۔ اگر تحقیقات کرائی گئی ہیں تو کیس کو مناسب منطقی انجام تک نہیں پہنچایا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ ہر کیس کی علیحدہ علیحدہ جانچ ہوگی۔ آبپاشی، پی ڈبلیو ڈی، بنگلورو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، بی بی ایم پی پر توجہ دی جائیگی۔