تعلیم سے ہی ایک اچھی شخصیت بنائی جاسکتی ہے:چنبسپا

ڈ سٹرکٹ نیوز
شیموگہ:۔آج کے بچے ملک کامستقبل ہیں، ملک تب ہی ترقی کر سکتا ہے جب ہر کوئی تعلیم یافتہ ہو۔اس بات کا اظہار رکن اسمبلی چنبسپانے کیا ہے ۔ انہوں نے آج شہرکے گاڑی کوپہ سرکاری اسکول میںتعلیمی آغاز کی تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ اچھے معاشرے کیلئے تعلیم یافتہ ہونا بے حد ضروری ہےتبھی جاکر ہم ایک اچھے انسان کے ساتھ ساتھ اچھے شہری کہلاسکتے ہیں،اگر ایک لڑکی تعلیم یافتہ ہو تو وہ نہ صرف خاندان بلکہ معاشرے کی بھی ترقی ممکن کرسکتی ہے۔ والدین سب سے زیادہ خوش تب ہوتے ہیں جب ان کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ طلبہ کی زندگیوں کو سنوارنے کیلئےتعلیم ضروری ہے، کسی کو تعلیم سے محروم نہ رکھا جائے، تعلیم اچھی شخصیت بناتی ہے۔اس موقع پر بی ای او ناگراج نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ریاست بھر میں اسکولوں کاآغاز ہوچکاہے۔ کورونا کی وجہ سے پچھلے تین سالوں سے اسکول موثر طریقے سے نہیں چل رہے تھے۔ حکومت نے سرکاری اسکولوں کیلئے مختلف طرح کی ترغیبی اسکیمیں فراہم کی ہیں۔حکومت کی جانب سےسرکاری اسکولوں کے تمام بچوں کو مفت نصابی کتابیں ، جوتے اور موزے،تمام طلباء کو غذائیت سے بھرپور خوراک،دودھ، ہفتہ میں 2 انڈے، وٹامن کی گولیاں فراہم کی جاتی ہیں تاکہ بچے بیماری اور بھوک کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیشنل چلڈرن ہیلتھ سکیم کے تحت بچوں میں سنگین بیماریاں پائی جائیں تو ان کا مفت علاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس بار شہر میں 10 سرکاری پرائمری انگلش میڈیم اسکول شروع کیے گئے ہیں کیونکہ والدین میں انگلش میڈیم اسکولوں کی زیادہ مانگ اور سرکاری اسکولوں میں حاضری بڑھانے کے مقصد سے ان اسکولوں کا آغازکیاگیاہے۔