ریاستی حکومت نے مائی شوگر مل کیلئے 50 کروڑ روپے کی منظوری دی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو/ منڈیا: ریاستی حکومت کے محکمہ خزانہ نے سال 2023-24 کے دوران میسور شوگر فیکٹری (مائی سوگر) میں گنے کی کرشنگ دوبارہ شروع کرنے کیلئے 50 کروڑ روپے کی مالی امداد کو منظوری دی ہے۔ کانگریس کے ایم ایل سی دنیش گولی گوڑا نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے محکمہ خزانہ کو ہدایت دی کہ وہ ان کی اور منڈیا کے رکن اسمبلی روی گنیگا کی اپیل پر فوری طور پر 50 کروڑ روپے جاری کریں۔مل کےاختیار میں آنے والی 10000 ہیکٹر سے زیادہ اراضی میں گنے کی کاشت کی گئی ہے، جب کہ 5745 کسانوں نے پانچ لاکھ ٹن سے زیادہ گنے کی فراہمی کیلئے شوگر مل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ایم ایل اے دنیش گولی گوڑا نے دعویٰ کیا کہ چند سال قبل مالی طور پر بیمار ہونے کے بعد شوگر مل بند کردی گئی تھی۔ مل کو پچھلے سال دوبارہ شروع کیا گیا تھا اور اس وقت اس وقت کی بی جے پی حکومت نے مل کیلئے 50 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا، لیکن صرف 32 کروڑ روپے جاری کیے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جون میں کرشنگ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کیلئےمائی شوگر مل کو ورکنگ کیپٹل کے علاوہ گنے کی کٹائی، آلات کی مرمت اور اجرت کی ادائیگی کے لیے فنڈز کی اشد ضرورت تھی۔دنیش گولی گوڑا نے کہا کہ مل کو گنے کی کٹائی کے لیے مزدوروں کو اجرت کی ادائیگی، آلات کی مرمت اور ملازمین کو بقایا تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فوری طور پر 18.54 کروڑ روپے کی ضرورت ہے، جب کہ تقریباً 35 کروڑ روپے کا ورکنگ سرمایہ درکار ہے۔