ریاست بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی: غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، زراعت اور صنعت کو نقصان، عوام پریشان

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلور:۔ریاستی صدر مقام سمیت ریاست کے اکثر شہر ی اور دیہی علاقوں میں بجلی سپلائی میں مسلسل رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ زرعی پمپ سٹوں کو مناسب بجلی سپلائی نہیں ہورہی ہے۔ ایسکام افسران کہتے ہیں کہ کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے پھر بھی ہر مقام پر بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔مانسون کی آمد میں دیری ہونے سے فطری بات ہے کہ بجلی کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ لیکن بجلی سپلائی میں مسلسل رکاوٹ ہونےکی وجہ سے عوام بیزارگی محسوس کر رہےہیں۔ اس سلسلے میں جب کے پی ٹی سی ایل افسران سے وضاحت مانگی گیلئی تو انہوں نے بتایا کہ ’بجلی پیداوار میں کوئی کمی نہیں ہے، جتنی مانگ ہے اس کے مطابق بجلی سپلائی کی جارہی ہے۔ ان کا  کہنا ہے کہ کہیں کہیں درستی اور مرمت کی وجہ سے بجلی سپلائی میں رکاوٹ ہوتی ہوگی‘ ۔بنگلورو میں پیشگی اطلاع دئیے بغیر بجلی سپلائی روک دی جاتی ہے، شہرکے چند مقامات پر عوام شکایت کررہےہیں کہ من چاہی طورپر بجلی سپلائی روکی جارہی ہے، لیکن ایک طرح سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو بیسکام افسران قبول نہیں کررہے ہیں۔بیسکام افسران کا کہنا ہے کہ کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے، ویسے حالات بھی نہیں ہیں، انتخابات اور امتحانات کو دیکھتے ہوئے درستی و مرمت کےکام روکے گئے تھے۔ اب چند مقامات پر درستی ومرمت کے کام جاری رہنے سے بجلی سپلائی میں رکاوٹ ہورہی ہے، بارش کے شروع ہوتے ہی زرعی پمپ سٹ سمیت گھروں میں بجلی کا استعمال کم  ہونے پر خود بخود مانگ میں بھی کمی ہوگی۔رواں سال حدت میں کافی اضافہ دیکھاگیا ہے، گرمی سے ملناڈ کے لوگ حیران ہیں، اس دوران بجلی کی باربار آنکھ مچولیاں جاری ہیں۔ شیموگہ ضلع میں دن میں ، شام میں اوردیر رات کسی بھی وقت بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی سپلائی بند کی جارہی ہے۔ چتردرگہ ضلع میں گذشتہ 15دنوں سے مسلسل ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ صبح 6بجے سے 9بجے تک اور شام 5بجے سے رات 10بجے تک بجلی سپلائی کاٹنا عام بات ہوگئی ہے ۔ اسکول اور کالجس شروع ہوگئے ہیں، گھر کی عورتوں کیلئے بچوں کو وقت پر ناشتہ بناناممکن نہیں ہو پارہا ہے، زیراکس اور کمپیوٹر سینٹرکے مالکان کو جنریٹر پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔ زرعی مارکیٹ میں دکاندار الیکٹرانک ترازوکا استعمال کرتےہیں لیکن بجلی فیل ہونے ہونے سے انہیں بھی وزن کرنےمیں پریشانی ہونے سے کسان بھی پریشان ہیں۔ گلبرگہ علاقے میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے وقت بے وقت بجلی سپلائی کاٹنے سے کسان اور عوام پریشان ہیں اور اس تعلق سے کئی شکایتیں موصول ہونے کی گلبرگہ بجلی سپلائی کمپنی جیسکام کے ذرائع نے جانکاری  دی ہے۔ کلیان کرناٹکا میں ابھی تک مانسون کی شروعات نہیں ہوئی ہے۔ آگ اگلتی دھوپ اور گرمی سے عوام بے حال ہیں۔ اگر 5منٹ کے لئے بھی بجلی چلی جاتی ہے تو فین ، کولر، اے سی سب بند ہوجاتےہیں اور پسینہ نکلنا شروع ہوجاتاہے۔ کلبرگی کے ایوانِ شاہی علاقےمیں شام کے وقت قریب ایک گھنٹہ بجلی سپلائی بند کی گئی تھی، جس کی کوئی پیشگی اطلاع نہ دئیے جانےپر شکایت موصول ہوئی ہے۔ صرف کلبرگی نہیں بلکہ بیدر، یادگیری، رائچور اور کوپل اضلاع  میں بھی بجلی سپلائی میں مسلسل رکاوٹیں پیدا ہونا عام ہوگیا ہے۔ساحلی علاقوں بالخصوص بھٹکل اور مینگلورو میں بھی چند دنوں سے پیشگی اطلاع دئیے بنا ہی بجلی سپلائی بند کرنے کے معاملے زیادہ ہوگئے ہیں۔ بعض دفعہ گھنٹوں بجلی کے بغیر گذارنے پر عوام مجبور ہیں۔ کورگ ضلع کے مختلف مقامات پر بارش اور ہوا کی وجہ سے درخت کی ٹہنیاں  بجلی لائن پر گرنا عام بات ہوگئی ہے۔ عملہ جائےوقوع پر پہنچ کر درست کرنے تک ان علاقوں میں بجلی کنکشن نہیں ہوتاہے، صنعتی ضلع ہونےکی وجہ سے مینگلور میں بجلی استعمال کی شرح دیگر اضلاع کی طرح نہیں ہے، اس کے باوجود بجلی سپلائی روکنا عام ہوگیا ہے۔ ریاست بھر میں ہر روز استعمال کی جانےو الی بجلی کا تناسب 24کروڑیونٹ  ہے۔ جب کہ پچھلے سال یومیہ بجلی استعمال کی شرح 20کروڑ یونٹ تھی۔ ریاست میں ہر دن استعمال کی جانےوالی بجلی کے تناسب میں 4کروڑیونٹ کا اضافہ ہواہے۔بجلی سپلائی بند ہونے سے پیدا ہونے والے مسائل کےمتعلق چھوٹی پیمانہ صنعت کاری سنگھ (کاسیہ ) کے صدر کے این نرسمہامورتی کا کہنا ہے کہ روزانہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ بجلی سپلائی بند کرنا عام ہے۔ اس تعلق سے پیشگی طورپر بھی کوئی اطلاع نہیں دی جاتی ۔ والٹیج کا مسئلہ بھی ہے۔ اچانک بجلی کاٹ دینے سے کارخانے  میں مسائل پیدا ہوتے ہیں، کارخانےکی پیداوار جب آخری مرحلے میں ہوتی ہے تو بجلی چلے جانے سے کئی رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ منگلورو کے گاہکوں کا کہنا ہے کہ پچھلے چند برسوں سے میسکام علاقےمیں مسلسل بجلی سپلائی بند کی جارہی ہے۔ بعض دفعہ بجلی ہےیا نہیں پتہ ہی نہیں چلتا، اچانک بجلی کاٹنے سے عوام سمیت سب کو پریشانی ہورہی ہے جیسکام کے مینجنگ ڈائرکٹر راہول پانڈوے کا کہنا ہےکہ جیسکام کے علاقےمیں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے، ہمارے پاس کافی بجلی کا ذخیرہ ہے، کوپل اور گنگاوتی تعلقہ جات میں بجلی کھمبوں کے گرنےسے متعلقہ علاقوں میں مرمت کا کام جاری تھا جس کی وجہ سے وہاں تھوڑی دیر کےلئے بجلی کاٹ دی گئی تھی۔ بنگلورو شہر، بنگلورو دیہی ، چک بلاپور، کولار، ڈاونگیرے، چتردرگہ ، ٹمکور، رام نگر ،  دکشن کنڑا، اُڈپی، چک منگلورو ، شیموگہ، بیدر، کلبرگی ، کوپل، یادگیری ، رائچور، بلاری، وجئے نگرجیسے اضلاع میں لوڈ شیڈنگ مسائل درپیش ہیں۔