بنگلورو:۔وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری”شکتی“ اسکیم کے تحت چارو ں ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں مسافروں کی تعداد میں زبر دست اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی ٹرانسپورٹ کے چاروں کارپوریشنوں کے اقتصادی ایمپا ورمنٹ کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے نامزد وظیفہ یاب آئی اے ایس افسر ایم آر سرینوس مورتی نے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(کے ایس آر ٹی سی) سنٹرل دفتر میں وزیر ٹرانسپورٹ کو رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر رام لنگا ریڈی نے اس خیال کا اظہار کیااور کہا کہ اس سے قبل مسافروں کی تعداد85لاکھ تھی جو بڑھ کر5.1کروڑہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری ”شکتی“ اسکیم کامیاب رہی ہے، مسافروں کی تعداد میں اضافہ سے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کی ترقی میں آسانی ہو گی۔انہوں نے بتا یا کہ سرینواس مورتی کی جانب سے پیش کر دہ رپورٹ میں کارپوریشنوں کے ایمپاورمنٹ کے لئے نئی بسوں کو شامل کرنے،انفار میشن ٹکنالوجی کا مناسب استعمال، مزدور دوست اقدامات، عملہ کی نامزدگی ودیگر کی سفارش کی گئی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ رپورٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ترجیحی بنیاد پر نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے بتا یا کہ وسائل کو نقدی میں تبدیل کرنے جلد جامع منصوبہ مرتب کیا جائے گا،چاروں کارپوریشنوں کے حدود میں خالی اراضی کو کمرشیل مقصد کے لئے استعمال کر کے آمدنی میں اضافہ کرنے کی اسکیم مرتب کی جائے گی۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کے ایس آر ٹی سی حدود کے ڈویژن اور ورکشاپس میں 460سے زیادہ پرانی بسوں کی تجدید قابل تعریف ہے، اس کارروائی کو دیگر تینوں کارپوریشنوں میں بھی انجام دی جائے۔انہو ں نے کہا کہ بس اسٹانڈکی صفائی، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور وقت پر افسران کی جانب سے بس اسٹانڈوں کا دورہ کرنے بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ریڈی نے بتا یاکہ چاروں ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی جانب سے بہتر خدمات کے لئے4ہزار افزود بسوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس موقع پر کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر انبو کمار، بنگلور میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن(بی ایم ٹی سی) کی منیجنگ ڈائرکٹرستیہ وتی،این کے آر ٹی سی کے ڈائرکٹر پرشانت کمار مشرا، چیف پبلک ریلیشن افسر ڈاکٹر لتا ودیگر اعلیٰ افسران حاضر رہے۔
