دہلی : بالاسور ٹرین حادثہ میں سی بی آئی نے بڑی کارروائی کی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے ریلوے کے دو سینئر سیکشن انجینئر ارون کمار مہانتو اور محمد عامر خان کے علاوہ ٹیکنیشین سوہو پپو کو گرفتار کیا ہے۔ تینوں کو آئی پی سی کی دفعہ 304/201 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم سی بی آئی کی جانب سے گرفتاری کے بارے میں ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ کس افسر نے کون سی غلطی کی تھی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔علاوہ ازیں حادثے کے بعد ان تینوں افسران نے شواہد کو مٹانے کی بھی کوشش کی تھی تاکہ انہیں قصوروار نہ ٹھہرایا جاسکے ، یہی وجہ ہے کہ سی بی آئی نے ایف آئی آر میں آئی پی سی کی دفعہ 201 بھی شامل کر دی ہے۔اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں 2 جون کو ایک ہولناک ٹرین حادثہ پیش آیا تھا۔ اس حادثہ میں 291 لوگوں کی جانیں تلف ہوگئی تھیں جبکہ اس حادثے میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔ یہ حادثہ بہاناگا بازار اسٹیشن کے قریب پیش آیا تھا۔شام تقریباً 7 بجے کولکاتہ جانے والی کورومنڈل ایکسپریس ایک کھڑی ہوگئی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، جس کی وجہ سے اس کے بیشتر ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔ اسی وقت وہاں سے بنگلور ہاوڑہ ایکسپریس گزر رہی تھی۔ کورومنڈل ایکسپریس کے کچھ پچھلے ڈبے بنگلورو ہاوڑہ ایکسپریس سے ٹکرا گئے۔ اس طرح حادثے میں کل تین ٹرینیں ایک دوسرے سے ٹکرا گئی تھیں۔
